سانحہ کربلا کے واقعات کس سے منقول ہیں؟


سوال نمبر:5045
السلام علیکم! جناب سانحہ کربلا کی مربوط داستان کہاں مرتب کی گئی ہے؟ اس کے اصل راویان کون ہیں؟ اردو میں‌ مکمل داستان پڑھنے کے لیے کوئی کتاب بتا دیں۔ شکریہ

  • سائل: عدنان خانمقام: پہاڑپور، ڈیرہ اسماعیل خان
  • تاریخ اشاعت: 05 اکتوبر 2018ء

زمرہ: اسلامی تاریخ

جواب:

سانحہ کربلا مسلمانوں کی تاریخ کا ایک نہایت سنگین واقعہ ہے جس میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے ساتھیوں کو مظلومانہ انداز میں شہید کیا گیا۔ اس دردناک سانحہ کے اسباب و محرکات، واقعات و تنازعات اور نتائج و اثرات پر بےشمار کتب لکھی جا چکی ہیں۔ ابومِخنف لوط بن یحییٰ کوفی (متوفیٰ 157 یا 158 ہجری) کی تصنیف ’مقتل الحسین‘ جو مقتل ابومخنف کے نام سے مشہور ہے‘ اس سلسلے کی اولین کتابوں میں شمار کی جاتی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ابومخنف نے جب اس کتاب کا آغاز کیا اس وقت سانحہ کربلا کے بعض موثق افراد زندہ تھے اور واقعات قلمبند کرتے ہوئے ان سے استفادہ کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ سانحہ کربلاء سے متعلق ابومخنف کی بیان کردہ روایات کا ذخیرہ تاریخِ طبری اور تاریخِ ابنِ‌ سعد سمیت کثیر کتبِ تاریخ و احادیث میں ملتا ہے۔


ذیل میں چند اردو کتب نام دیے جا رہے ہیں جن سے سانحہ کربلا کے مربوط واقعات کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے:

  1. ’سوانح کربلا‘ از علامہ سید محمد نعیم الدین مراد آبادی رحمۃ اللہ علیہ، مکتبۃ المدینہ، کراچی
  2. ’شامِ کربلا‘ از علامہ محمد شفیع اکاڑوی رحمۃ اللہ علیہ، ضیاء القرآن پبلیکیشنز، لاہور
  3. شہادت امام حسین علیہ السلام: حقائق و واقعات از شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، منہاج پبلیکیشنز
  4. شہادت امام حسین علیہ السلام: فلسفہ و تعلیمات از شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، منہاج القرآن پبلیکیشنز

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری