کیا ایک مجلس میں‌ دی جانی والی تمام طلاقوں‌ کو ایک طلاق مانا جائے گا؟


سوال نمبر:2788
السلام علیکم میرا سوال یہ ہے کہ میں نے سنا ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے 3 طلاق کو 3 کے حکم میں کہا، جبکہ اس سے پہلے یعنی نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانے میں 3 طلاق کو ایک ہی مانا جاتا تھا۔ وضاحت فرما دیں، شکریہ

  • سائل: فاریہ منورمقام: لاہور
  • تاریخ اشاعت: 23 ستمبر 2013ء

زمرہ: طلاق

جواب:

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ مبارک میں بھی طلاق ثلاثہ کو تین طلاقیں ہی مانا جاتا تھا۔ مزید وضاحت کے لیے حدیثِ رکانہ کو سمجھنا ضروری ہے۔ حدیث پاک درج ذیل ہے:

عَنْ نَافِعِ بْنِ عُجَيْرِ بْنِ عَبْدِ يَزِيدَ بْنِ رُکَانَةَ أَنَّ رُکَانَةَ بْنَ عَبْدِ يَزِيدَ طَلَّقَ امْرَأَتَهُ سُهَيْمَةَ الْبَتَّةَ فَأَخْبَرَ النَّبِيَّ صلی الله عليه وآله وسلم بِذَلِکَ وَقَالَ وَاﷲِ مَا أَرَدْتُ إِلَّا وَاحِدَةً فَقَالَ رَسُولُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم وَاﷲِ مَا أَرَدْتَ إِلَّا وَاحِدَةً فَقَالَ رُکَانَةُ وَاﷲِ مَا أَرَدْتُ إِلَّا وَاحِدَةً فَرَدَّهَا إِلَيْهِ رَسُولُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم فَطَلَّقَهَا الثَّانِيَةَ فِي زَمَانِ عُمَرَ وَالثَّالِثَةَ فِي زَمَانِ عُثْمَانَ.

’’نافع بن عجیر بن عبد یزید بن رکانہ سے روایت ہے کہ حضرت رکانہ بن عبد یزید بن رکانہ سے روایت ہے کہ حضرت رکانہ بن عبد یزید رضی اللہ عنہ نے اپنی بیوی سہیمہ کو تین طلاقیں دے دیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ بات بتائی گئی تو حضرت رکانہ بن عبد یزید نے کہا : خدا کی قسم، میں نے ارادہ نہیں کیا مگر ایک کا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : تم خدا کی قسم کھا کر کہتے ہو کہ ایک ہی کا ارادہ کیا تھا؟ حضرت رکانہ نے کہا : خدا کی قسم، میں نے ایک کا ہی ارادہ کیا تھا۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اُن کی بیوی ان کی طرف لوٹا دی۔ پھر انہوں نے دوسری طلاق حضرت عمر کے زمانے میں اور تیسری حضرت عثمان کے زمانے میں دی‘‘۔

  1. ابو داؤد، السنن، 2 : 263، رقم : 2206، دار الفکر
  2. ترمذی، السنن 3 : 480، رقم : 1177، دار احياء التراث العربي بيروت
  3. ابن ماجة، السنن، 1 : 661، رقم : 2051، دار الفکر بيروت

مذکورہ بالا حدیث مبارکہ میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت رکانہ رضی اللہ عنہ سے تین بار طلاق دینے پر حلفاً یہ کیوں دریافت کیا کہ ان کی نیت ایک کی تھی؟ اگر تین بار طلاق دینے سے مراد ایک ہی طلاق ہوتی تو پھر یہ سوال نہیں بنتا تھا۔ لہٰذا معلوم ہوا کہ صورت حال کچھ مختلف ہے۔ جو درج ذیل ہے:

  1. تین بار طلاق کا لفظ اگر تاکید کے لیے بولا جائے اور نیت صرف ایک طلاق کی ہی ہو تو ایک طلاق واقع ہوگی۔ جیسے طلاق، طلاق، طلاق۔ یعنی کوئی شخص طلاق کا لفظ بار بار بول دے اس کی نیت اور ارادہ ایک طلاق کا ہو تو ایک طلاق واقع ہوگی۔ لیکن عدالت اس کا اعتبار نہیں کرے گی یہ اس کا اور اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معاملہ ہے۔
  2. اگر کوئی شخص کہے کہ میں دو طلاقیں دیتا ہوں، تین طلاقیں دیتا ہوں یا اس کے علاوہ کوئی بھی عدد بول کر تخصیص کر دیتا ہے تو کوئی شک کی گنجائش نہیں رہ جاتی کہ یہ کتنی بار طلاق دے رہا ہے۔ پھر وہ جتنی دے گا واقع ہو جائیں گی، بشرط کہ وہ بقائمی ہوش وحواس خمسہ طلاق دے رہا ہو تو۔ یہ تو ایک عام فہم اور سادہ سی بات جب کوئی عدد بولا جائے تو سے مراد وہی لیا جاتا ہے کبھی کسی عقل مند نے یہ نہیں کیا کہ میں 2، 3 یا 4 کو بھی 1 کہتا ہوں۔

مذکورہ بالا دونوں صورتوں کو سمجھنے کے لیے ایک مثال درج ذیل ہے:

  • اگر کوئی کسی کو ایک ہزار کا نوٹ دے اور کہے یہ لو ہزار کا نوٹ ہے دیکھ لیں ہزار کا نوٹ ہے ہزار کا ہے یا کہے یہ ہزار ہے، ہزار ہے، ہزار ہے۔ اس سے مراد یہ نہیں ہو گا کہ جتنی بار ہزار کا لفظ بولا گیا ہے اتنے ہی ہزار ہو جائے گا کیونکہ وہ تو تاکید کے لیے بار بار بول رہا ہے۔
  • دوسری صورت اگر شخص کسی کو کہتا ہے یہ لو تین ہزار روپے ہیں یا دو ہزار روپے ہیں تو ہم یہ نہیں کہیں گے کہ یہ تو ایک ہی ہے کیونکہ یہاں تعین کر دیا گیا ہے۔ یعنی تخصیص کر دی گئی ہے یہ تاکید نہیں ہے۔

اب انہی دونوں صورتوں کو طلاق کے معاملہ میں دیکھیں کہ اگر کوئی شخص اپنی بیوی کو کہے میں تمہیں طلاق دے رہا ہوں دیکھ لیں طلاق دے رہا ہوں، طلاق ہے یا کہہ دے طلاق، طلاق، طلاق تو جب اس سے پوچھا جائے وہ کہے کہ میں نے ایک طلاق دی ہے لیکن تاکید کے لیے اس تو تین بار بولا ہے تو یہ بات عقل تسلیم بھی کرتی ہے۔

دوسری صورت اگر کوئی شخص کہے میں تمہیں تین طلاقیں دے رہا ہوں پھر کہے مراد ایک ہی ہے۔ یہ تخصیص ہے، اس کو عقل بھی تسلیم نہیں کرتی کہ ایک شخص جس کے ہوش وحواس قائم ہوں اور وہ دو، تین یا زیادہ کو ایک ہی شمار کرے۔

لہذا آج بھی اگر کوئی تاکید کے لیے بار بار لفظ طلاق بولے تو اس سے حلف لیا جائے گا کہ آپ کی اس سے مراد کیا تھی اگر وہ کہے کہ میری مراد ایک طلاق تھی تو اس کو ایک شمار کر سکتے ہیں۔ لیکن جو شخص ہوش و حواس میں ایک، دو یا تین طلاق بول کر تخصیص کر دے تو جتنی طلاقیں دے گا ہو جائیں گی۔ جو تین طلاقیں نارمل حالت میں دے دے اس کے لیے وضاحت درج ذیل ہے۔

الطَّلاَقُ مَرَّتَانِ فَإِمْسَاكٌ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِيحٌ بِإِحْسَانٍ.

’’طلاق (رجعی) ایک یا دو مرتبہ ہے پھر بھلائی سے روک لو یا حسن سلوک سے چھوڑ دو‘‘۔

البقرة، 2 : 229

فَإِن طَلَّقَهَا فَلاَ تَحِلُّ لَهُ مِن بَعْدُ حَتَّى تَنكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ.

’’پھر اگر تیسری طلاق (بھی) دیدے تو یہ عورت اس کے لئے حلال نہیں جب تک کسی اور خاوند سے نکاح و قربت نہ کر لے‘‘۔

البقرة، 2 : 230

قرآن مجید نے’’الطلاق مرتان‘‘ فرمایا ہے یعنی دو مرتبہ طلاق دی جائے اور اس کے بعد فوراً اگر تیسری طلاق دیدی تو اس کی بیوی اس پر حرام ہو جائے گی، اس سے واضح ہو گیا کہ کسی شخص نے ایک مجلس میں تین بار طلاق دی اور بیوی سے کہہ دیا کہ میں نے تم کو طلاق دی، میں نے تم کو طلاق دی، میں نے تم کو طلاق دی تو یہ تینوں طلاقیں واقع ہو جائیں گی اور اس کی بیوی اس پر حرام ہو جائے گی۔

طلاق ثلاثہ کے بارے میں حدیث مبارکہ ہے :

عن عائشة أن رجلا طلق امرأته ثلاثا فتزوجت فطلق فسئل النبی صلی الله عليه وآله وسلم أتحل للأول قال لا حتی يذوق عسيلتها کما ذاق الأول.

’’حضرت عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا بیان کرتی ہیں کہ ایک شخص نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دے دیں۔ اس عورت نے کہیں اور شادی کر لی۔ اس نے بھی طلاق دیدی پھر نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پوچھا گیا کہ آیا یہ عورت پہلے خاوند پر حلال ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا نہیں جب تک دوسرے خاوند کی طرح اس کی مٹھاس نہ چکھ لے‘‘۔

  1. بخاری، م 256 ه، الصحيح، 5 : 2014، رقم : 4961، دار ابن کثير اليمامة بيروت، سن اشاعت 1407 ه
  2. بيهقی، م 458 ه، السنن الکبری، 7 : 374، رقم : 14972، مکتبة دار الباز مکة المکرمة، سن اشاعت 1414 ه
  3. ابی عوانة، م 316 ه، المسند، 3 : 94، رقم : 4329، دار المعرفة بيروت

عن سالم عن ابن عمر قال : من طلَّق امرأَته ثلاثاً، طلِّقت، و عصی ربه.

’’حضرت سالم بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا جس شخص نے اپنی بیوی کو تین طلاقیں دیں وہ واقع ہو جائیں گی اور اس شخص نے اپنے رب کی نافرمانی کی‘‘۔

  1. عبد الرزاق بن همام، المصنف، 6 : 395، رقم : 11344، مکتب اسلامی بیروت
  2. مسلم، الصحیح، 1 : 476، مطبوعه نور محمد اصح المطابع کراچی

ایک شخص نے حضرت عبد اﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہما سے پوچھا :

اِنی طلقت امرأتی مائة تطليقة فماذا تری علی فقال له بن عباس طلقت منک لثلاث و سبع و تسعون اتخذت بها آيات اﷲ هزوا.

’’میں نے اپنی بیوی کو سو طلاقیں دیدی ہیں، آپ کے خیال میں مجھ پر کیا لازم ہے؟حضرت عباس رضی اﷲ عنہما نے فرمایا : تیری طرف سے اسے تین طلاقیں ہوگئیں اور ستانوے سے تو نے اﷲ کی آیتوں کا مذاق اڑایا‘‘۔

امام مالک، المتوفی 179ه، موطا، 2 : 550، رقم : 1146، دار اِحیاء التراث العربی مصر

جاء رجل اِلی عبد اﷲ فقال اِنی طلقت امرأتی مائة قال بانت منک بثلاث و سائرهن معصية.

ایک شخص حضرت عبد اﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہما کے پاس آیا اور کہا میں نے اپنی بیوی کو سو طلاقیں دیدی ہیں انہوں نے فرمایا : تین طلاقوں سے تیری بیوی تم پر حرام (جدا، بائن) ہوگئی اور باقی گناہ‘‘۔

  1. بيهقي، المتوفي 458ه، السنن، 7 : 332، رقم : 14726، مکتبة دار الباز مکة المکرمة
  2. ابن ابي شيبة، المتوفي 235ه، المصنف، 4 : 61، رقم : 17800، مکتبة الرشد الرياض

جاء رجل اِلی ابن عباس فقال طلقت امرأتی ألفا فقال بن عباس ثلاث تحرمها عليک و بقيتها عليک وزرا اتخذت آيات اﷲ هزوا.

’’ایک شخص نے حضرت عبداﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہما کے پاس آ کر کہا میں نے اپنی بیوی کو ایک ہزار طلاقیں دیدی ہیں، ابن عباس رضی اﷲ عنہمانے فرمایا : تین نے تجھ پر اسے حرام کر دیا اور بقایا تجھ پر بوجھ و گناہ، تو نے اﷲ کی آیتوں کا مذاق اڑایا ہے‘‘۔

  1. عبد الرزاق، المتوفی 211ه، المصنف، 6 : 397، رقم : 11353، المکتب الاسلامی بيروت
  2. دار قطني، المتوفي 385ه، السنن، 4 : 13، رقم : 38، دار المعرفة بيروت
  3. بيهقي، السنن، 7 : 337، رقم : 14753

جاء رجل اِلی علی رضی اﷲ عنه فقال طلقت امرأتی ألفا قال ثلاث تحرمها عليک واقسم سائرها بين نسائک.

’’ایک شخص حضرت علی رضی اﷲ عنہ کے پاس آیا اور کہا میں نے اپنی بیوی کو ایک ہزار طلاقیں دیدی ہیں، حضرت علی رضی اﷲ عنہ نے فرمایا : تین نے اس کو تجھ پر حرام کر دیا اور باقی اپنی بیویوں میں تقسیم کر لے‘‘۔

  1. بيهقي، السنن، 7 : 335، رقم : 14738
  2. دار قطني، السنن، 4 : 21، رقم : 56
  3. ابن ابي شيبة، المصنف، 4 : 62، رقم : 17802
  4. هندي، المتوفي 975ه، کنزالعمال، 9 : 291، رقم : دار الکتب العلمية بيروت

فقہائے کرام فرماتے ہیں :

فاذا طلق الرجل زوجته ثلاثا دفعة واحدة، بأن قال لها : أنت طالق ثلاثا لزمه ما نطق به من العدد فی المذاهب الأربعة، وهو رأی الجمهور.

’’جب کسی شخص نے اپنی بیوی کو ایک ہی بار تین طلاقیں دیں، یوں کہ تجھے تین طلاقیں، چاروں مذاہب میں اس کے کہنے کے مطابق تین واقع ہو گئیں، یہی جمہور کی رائے ہے‘‘۔

عبد الرحمٰن الجزيري، کتاب الفقہ علی المذاھب الاربعة، 4 : 341، دار احياء التراث العربي بيروت. لبنان

مذکورہ بالا دلائل سے معلوم ہو کہ تین طلاقیں ایک مجلس میں دی جائیں تو اس سے مراد تین ہی ہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی