کیا قیامت کے دن اللہ پاک اپنے ولیوں کو نور کے ٹیلوں پر بٹھائیں گے؟


سوال نمبر:1915
السلام علیکم سر، ہم نے سنا ہے کہ قیامت کے دن اللہ پاک اپنے ولیوں کو نور کے ٹیلوں پر بٹھائیں گے، نبی اور شہید بھی رشک کریں گے۔ اگر یہ شے ہے تو قرآن اور حدیث کی روشنی میں‌ بتائیں۔

  • سائل: زاہد حسین تنواریمقام: کشمور، سندھ، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 02 جولائی 2012ء

زمرہ: متفرق مسائل

جواب:

اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ تعالی قیامت کے دن اپنے ولیوں کو نور کے ٹیلوں (منبروں) پر بٹھائیں گے۔ قرآن مجید میں اللہ رب العزت نے اولیاء کرام کے حوالے سے ارشاد فرمایا :

أَلاَ إِنَّ أَوْلِيَاءَ اللّهِ لاَ خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلاَ هُمْ يَحْزَنُونَo الَّذِينَ آمَنُواْ وَكَانُواْ يَتَّقُونَ.

يونس : 62

خبردار بے شک اولیاء اللہ پر نہ کوئی خوف ہے اور نہ وہ رنجیدہ وغمگین ہونگے اور یہ وہ لوگ ہیں جو ایمان لائے ہیں اور متقی و پرہیز گار ہیں۔

اس آیت کریمہ میں اللہ تعالی نے فرما دیا ہے کہ اللہ کے ولیوں کو کسی قسم کا کوئی خوف اور غم نہیں ہو گا نہ دنیا کے اندر اور نہ آخرت میں۔

حدیث مبارکہ میں ہے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ مروی کرتے ہیں کہ حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے فرمایا بے شک اللہ تعالی کے کچھ ایسے برگزیدہ بندے ہیں جو نہ تو انبیاء ہیں اور نہ شہداء قیامت کے دن انبیاء اور شہداء ان کو اللہ کی طرف سے عطا کردہ مقام دیکھ کر رشک کریں گے۔ صحابہ کرام نے عرض کیا یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) آپ ہمیں ان کے بارے میں بتائیں کہ وہ کون ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا وہ ایسے لوگ ہیں جن کی باہمی محبت صرف اللہ کی خاطر ہوتی ہے نہ کہ رشتہ داری اور مالی لین دین کی وجہ سے۔ اللہ کی قسم ان کے چہرے نور ہوں گے اور وہ نور پر ہونگے انہیں کوئی خوف نہیں ہو گا جب لوگ خوف زدہ ہونگے انہیں کوئی غم نہیں ہو گا۔ جب لوگ غمزدہ ہونگے پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سورۃ یونس کی آیت کریمہ تلاوت فرمائی خبردار بے شک اولیاء اللہ پر نہ کوئی خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہونگے۔

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بھی اسی حدیث کو ان الفاظ کے ساتھ روایت کیا ہے کہ ان کے چہرے پر نور ہونگے اور وہ نور کے منبروں پر جلوہ افروز ہونگے۔

نور کے ٹیلوں سے مراد نور کے منبر ہونگے۔

ابوداؤد حديث نمبر 3527

مشکوة المصابيح صفحه 426

ابن حبان فی الصحيح 2 / 332 حديث نمبر 573

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: حافظ محمد اشتیاق الازہری