شوہر نے بتایا کہ اس نے بیوی کو طلاق دی ہے، کیا بتانے سے مزید طلاق ہوگی؟


سوال نمبر:5866
السلام علیکم! ایک میاں بیوی کی لڑائی ہوئی تو مسئلہ کے حل کے لیے 10 یا 15 لوگ ان کے گھر گئے، وہاں شوہر کے والد نے کہا کہ ہم نے رات کو فیصلہ دے دیا ہے۔ پھر شوہر آیا تو اس نے سب کے سامنے کہا کہ ’میں نے رات کو اپنے ابو اور قرآن کو گواہ بنا کر دے دی ہے، دے دی ہے‘ 2 بار کہا پھر تیسری بار کہا ’طلاق دے دی ہے‘ سب نے کہا سوچ لو۔ اس نے کہا ہوگیا جو ہونا تھا۔ پھر سب وہاں سے اٹھ کر واپس آگئے۔ برائے مہربانی رہنمائی فرمائیں کہ اس سے طلاق ہوئی یا نہیں ہوئی؟

  • سائل: حافظ محمد شہبازمقام: ملتان
  • تاریخ اشاعت: 23 اکتوبر 2020ء

زمرہ: طلاق

جواب:

اگر مذکورہ شخص نے رات کو طلاق دے دی تھی تو صبح وہ اسی کی خبر دے رہا ہے، اس لیے رات جتنی طلاقیں دی تھیں صرف وہی واقع ہو گیں، اس خبر دینے سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوگی۔ سوال میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اس نے طلاق کے کتنے حق استعمال کیے ہیں اور کن الفاظ سے طلاق دی تھی، اس لیے اس پر تبصرہ کرنا ہمارے لیے ممکن نہیں۔

اگر مذکورہ شخص نے رات کو طلاق نہیں دی تھی اس صبح سب کے سامنے بولے گئے اس کے جملے سے ایک طلاق واقع ہوئی ہے۔ زوجین باہمی رضامندی سے رجوع کر سکتے ہیں، لیکن اس کے بعد شوہر کے پاس طلاق کے دو حق باقی رہ جائیں گے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری