کیا ناک کی رطوبت سے لباس ناپاک ہو جاتا ہے؟


سوال نمبر:4654
ناک کی گندگی یا پانی کپڑوں پر لگ جائے تو کیا حکم ہے اور وضو کے لئے ناک میں پانی ڈالنا ہی کافی ہے یا اچھی طرح صفائی ضروری ہے

  • سائل: عمرانمقام: گجرات
  • تاریخ اشاعت: 16 جنوری 2018ء

زمرہ: وضوء

جواب:

ناک کی رطوبت یا ناک صاف کرتے ہوئے پانی کپڑوں پر لگ جائے تو کپڑے ناپاک نہیں ہوتے۔ تاہم نفاست کا تقاضا ہے کہ لباس پے جہاں ناک کی رطوبت لگی ہو اس جگہ کو دھو لیا جائے۔ وضو کرتے وقت ناک میں پانی ڈالنا اور حسبِ ضرورت ناک کی صفائی کرنا سنت ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

إِذَا تَوَضَّأَ أَحَدُکُمْ فَلْیَجْعَلْ فِي أَنْفِهِ ثُمَّ لِیَنْثُرْ.

جب تم میں سے کوئی وضو کرے تو اسے چاہیے کہ ناک میں بھی پانی ڈالے، پھر اسے صاف کرے۔

بخاري، الصحیح، 1: 72، رقم: 160، بیروت، لبنان: دار ابن کثیر الیمامة

اور حضرت عاصم بن لقیط سے مروی حدیث مبارکہ میں ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وضو کے بارے میں دریافت کیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

أَسْبِغِ الْوُضُوءَ وَخَلِّلْ بَیْنَ الْأَصَابِعِ وَبَالِغْ فِي الِاسْتِنْشَاقِ إِلَّا أَنْ تَکُونَ صَائِمًا.

کامل وضو کیا کرو، انگلیوں کا خلال کرو اور اگر روزہ نہ ہو تو ناک میں پانی ڈالنے میں مبالغہ کرو۔

  1. أبي داود، السنن، 1: 35، رقم: 142، دار الفکر
  2. ترمذي، السنن، 3: 155، رقم: 788، بیروت، لبنان: دار احیاء التراث العربي

لہٰذا ناک میں پانی ڈال کر اس کی صفائی کرنا وضو کا حصہ ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری