نماز میں کون سے اُمور واجبات میں سے ہیں؟


سوال نمبر:455
نماز میں کون سے اُمور واجبات میں سے ہیں؟

  • تاریخ اشاعت: 27 جنوری 2011ء

زمرہ: نماز کے واجبات

جواب:

نماز میں درج ذیل چودہ امور واجبات میں سے ہیں :

  1. فرض نمازوں کی پہلی رکعتوں میں قرات کرنا۔
  2. فرض نمازوں کی تیسری اور چوتھی رکعت کے علاوہ تمام نمازوں کی ہر رکعت میں سورہ فاتحہ پڑھنا۔
  3. فرض نمازوں کی پہلی دو رکعتوں میں اور واجب، سنت اور نفل نمازوں کی تمام رکعتوں میں سورہ فاتحہ کے بعد کوئی سورت یا بڑی آیت یا تین چھوٹی آیات پڑھنا۔
  4. سورہ فاتحہ کو کسی اور سورت سے پہلے پڑھنا۔
  5. قرات، رکوع، سجدوں اور رکعتوں میں ترتیب قائم رکھنا۔
  6. قومہ کرنا یعنی رکوع سے اٹھ کر سیدھا کھڑا ہونا۔
  7. جلسہ یعنی دونوں سجدوں کے درمیان سیدھا بیٹھ جانا۔
  8. تعدیل ارکان یعنی رکوع سجدہ وغیرہ کو اطمینان سے اچھی طرح ادا کرنا۔
  9. قعدہ اُولی یعنی تین، چار رکعت والی نماز میں دو رکعتوں کے بعد تشہد کے برابر بیٹھنا۔
  10. دونوں قعدوں میں تشہد پڑھنا۔
  11. امام کو نمازِ فجر، مغرب، عشاء، عیدین، تراویح اور رمضان المبارک کے وتروں میں آواز سے قرات کرنا اور ظہر کی نماز میں آہستہ پڑھنا۔
  12. اَلسَّلَامُ عَلَيْکُمْ وَ رَحْمَةُ اﷲِ کے ساتھ نماز ختم کرنا۔
  13. نمازِ وتر میں قنوت کے لیے تکبیر کہنا اور دعائے قنوت پڑھنا۔
  14. عیدین کی نمازوں میں زائد تکبریں کہنا۔

نماز کے واجبات میں سے اگر کوئی واجب بھولے سے رہ جائے تو سجدئہ سہو کرنے سے نماز درست ہوجائے گی. سجدئہ سہو نہ کرنے اور قصداً تر ک کرنے سے نماز کا لوٹانا واجب ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔