نبی اکرم (ص) کی پسندیدہ خوشبو کونسی ہے؟


سوال نمبر:4088
السلام علیکم مفتی صاحب! میرا سوال یہ ہے کہ المنہاج السوی کس موضوع پر ہے اور اس کی اہمیت کیا ہے؟ دوسرا سوال یہ ہے کہ نبی اکرم ﷺ کونسی خوشبو زیادہ پسند فرماتے؟

  • سائل: علی جٹمقام: متحدہ عرب امارات
  • تاریخ اشاعت: 12 جنوری 2017ء

زمرہ: سیرت

جواب:

آپ کے دونوں سوالات کے جوابات بالترتیب درج ذیل ہیں:

  • المنہاج السوی من الحدیث النبوی، فہمِ دین اور اِصلاحِ احوال و عقائد پر مبنی مجموعہ احادیث ہے جسے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تالیف کیا ہے۔ اس مجموعہ احادیث میں عصری تقاضوں کو مدِنظر رکھ کر عقائد و اعمال، احکامِ دین، عبادات و مناسک، آداب و مناقبِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اخلاص و خشیت سے متعلق اور متفرق موضوعات پر احادیث کو جمع کیا گیا ہے۔ کتاب میں شامل ایک ہزار (1000) احادیث، ایک سو ستر 170 مستند کتبِ حدیث سے لی گئی ہیں۔ یہ کتاب عقائد صحیحہ کی بنیاد فراہم کرتی ہے، اعمالِ صالحہ پر اُبھارتی ہے اور عملی زندگی میں بہترین راہنمائی فراہم کرتی ہے۔ المنہاج السوی من الحدیث النبوی کے مطالعہ کے لیے یہاں کلک کریں
  • رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خوشبو بہت زیادہ پسند تھی، یہی وجہ ہے کہ جب کوئی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس خوشبو کا تحفہ بھیجتا تو آپ کبھی رد نہ فرماتے اور ارشاد فرماتے کہ خوشبو کے تحفہ کو رد مت کرو کیونکہ یہ جنت سے نکلی ہوئی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرمایا کرتے تھے کہ مردوں کی خوشبو ایسی ہونی چاہیے کہ خوشبو پھیلے اور رنگ نظر نہ آئے اور عورتوں کے لئے وہ خوشبو بہتر ہے کہ جس کی خوشبو نہ پھیلے اور رنگ نظر آئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جمعہ و عیدین کے مواقع پر خصوصاً خوشبو لگانے کا حکم فرمایا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود عود، کستوری اور ریحان نامی خوشبویات کا استعمال زیادہ پسند فرماتے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔