شریعت میں صبح‌ اور شام کا وقت کیا ہے؟


سوال نمبر:4007
السلام علیکم! شریعت میں صبح‌ اور شام کا وقت کیا ہے؟

  • سائل: محمد افضلمقام: فیصل آباد
  • تاریخ اشاعت: 28 ستمبر 2016ء

زمرہ: متفرق مسائل

جواب:

شریعت میں صبح کے لیے ’صبح کاذب، صبح صادق اور صبح‘ تین اصطلاحات استعمال کی گئی ہیں۔ تینوں اصطلاحات کی تعریفات درج ذیل ہیں:

  1. رات کے آخری حصے میں آسمان کے مشرقی کنارے پر عمودی شکل میں اوپر کو اٹھنے والی سفیدی کو صبح کاذب کہتے ہیں۔ احکامِ شریعہ میں اسے رات کے حکم میں ہی لیا گیا ہے۔
  2. صبح کاذب کے بعد آسمان پر مشرقی جانب سے شمالاً جنوباً پھیلنے والی وہ روشنی جو بڑھتے بڑھتے سارے آسمان کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے اور اس سے زمین پر اجالا ہو جاتا ہے، صبح صادق کہلاتی ہے۔ اسے فجرِ ثانی بھی کہتے ہیں۔ صبح صادق سے ہی نمازِ فجر کا وقت شروع ہوتا ہے جو طلوع آفتاب تک رہتا ہے۔
  3. صبح صادق سے لیکر دوپہر سے پہلے تک کا وقت صبح (Morning) کہلاتا ہے۔

شریعتِ اسلامیہ کے بیان کردہ ضوابط کے مطابق سہہ پہر سے لیکر غروبِ آفتاب تک کا درمیانی وقت شام کہلاتا ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری