کیا حرام اجزاء سے تیار کردہ خوراک کھانے سے حلال جانور حرام ہوجاتا ہے؟


سوال نمبر:3643
محترم مفتی صاحب السلام علیکم ورحمہ اللہ وبرکاتہ! کچھ مرغی فام والے لوگوں سے یہ معلوم ہوا ہے کہ برائلر مرغ کی تیاری کے لئے جہاں مردارگوشت خوراک کےلئے استعمال کیا جاتا ہے، وہیں ان کا وزن کم دنوں میں پورا کرنے کے لئے انہیں شراب لگائی جاتی ہے۔ آیا اس کا گوشت حلال ہے یا حرام؟

  • سائل: غیاث الدینمقام: نامعلوم
  • تاریخ اشاعت: 01 جون 2015ء

زمرہ: حلال و حرام جانور

جواب:

اگرچہ برائلر مرغی کی خوراک میں مختلف حرام و حلال اجزاء شامل ہوتے ہیں، لیکن کھانے کے بعد یہ تمام اجزاء ایک کیمیائی عمل سے گزرتے ہیں جس سے ان کا اثر بدل جاتا ہے۔ اس لیے اپنی غذا کی وجہ برائلر یا عام دیسی مرغی کی حلت پر کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ اسے حلال قرار دیتے وقت شریعت نے اس کی غذا کا اعتبار نہیں کیا۔ یہ بات ذہن نشین رہے کہ مرغی کی خوراک میں موجود خون، مردار اور دیگر حلال و حرام مرکبات اگرچہ انسانوں کے لئے حرام ہیں لیکن جانوروں کے لئے حرام نہیں، کیونکہ احکامِ شریعت کے مُکلف انسان ہیں، جانور نہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری