ٹیلی فون یا انٹرنیٹ پر نکاح‌ منعقد ہونے کی کیا شرائط ہیں؟


سوال نمبر:3493

محترم مفتی صاحب السلام علیکم!

کچھ دن پہلے میں نے اسکائپ پہ آن لائن نکاح کیا ہے۔ آج کل انٹرنٹ پہ بہت سے ایسے افراد ہیں جو آن لائن نکاح منعقد کرواتے ہیں اور اس کی فیس بھی چارج کرتے ہیں۔ میرا نکاح ایسے ہوا کہ قاری صاحب نے ہمیں کہا کہ ایک کاغذ پے مجھے یہ لکھ کے دیں اور سائن کر کر کے مجھے بھیج دیں کہ ’’میں ارمغان خان ولد شاکر خان اپنے نکاح کا اختیار قاری عبداللہ ولد رسول بخش کو دیتا ہوں کہ وہ میرا نکاح دو گواہوں کی موجودگی میں تین (3) لاکھ حق مہر کے عوض شمع خان ولد یوسف خان سے کروا دیں‘‘۔ میں نے اور لڑکی نے ایسے ہی لکھ کے اور سائن کر کے قاری صاحب کو بھیج دیا۔ اس کے بعد قاری صاحب نے اسکائپ پے کانفرنس کال کی جس میں ہم تینوں یعنی میں، لڑکی اور قاری صاحب تھے۔ اس کے بعد قاری صاحب نے کہا کی میں آپ کا نکاح شروع کر رہا ہوں اور میرے سامنے دو گواہ بھی بیٹھے ہیں اور ان کے نام یہ یہ ہیں۔ اس کے بعد قاری نے نکاح پڑھایا اور مجھے کہا کہ زور سے بولیں قبول ہے تا کہ پاس بیٹھے دو گواہ بھی سن لیں۔ تین بار میں اور لڑکی نے الگ الگ قبول کیا جیسے نکاح میں کیا جاتا ہے۔ پھر قاری نے کہا کہ آپ تین بار لڑکی کو بھی پروپوز کریں اور میں نے ایسے ہی کیا اور لڑکی نے قبول کیا۔ اس کے بعد قاری نے خطبہ اور دعا پڑھی اور کہا کہ نکاح ہو گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کو خوش رکھے۔

مفتی صاحب! یہ سب آڈیو کال پے ہوا تھا اور ہم میں سے کسی نے ایک دوسرے کو نہیں دیکھا۔ صرف اسکائپ پہ بات ہوئی۔ آپ سے گزارش ہے کہ کیا شرعی اعتبار سے میرا ایسے نکاح کرنا اسلام میں قابل قبول ہے یا نہیں؟ کیا میرا نکاح ایسے ہو گیا ہے؟
آپ کے جلد جواب کا منتظر۔

  • سائل: ارمغان خانمقام: پشاور
  • تاریخ اشاعت: 23 فروری 2015ء

زمرہ: نکاح

جواب:

اگر آپ نے واقعی دوگواہوں کی موجودگی میں، بعوض حق مہر، رضا مندی سے ایجاب و قبول کیا تو شرعاً آپ لوگوں کا نکاح منعقد ہوگیا۔ مگر یہ طریقہ کار بہتر نہیں ہے کیونکہ اس میں خرابی کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

ٹیلی فون اورانٹر نیٹ پر نکاح سے متعلق مضمون پوری شرح و بسط کے ساتھ سوال نمبر 1164 کے جواب میں پہلے ہی موجود ہے، بہر حال چند ضروری باتیں درج ذیل ہیں:

انٹرنیٹ (Internet) اور ٹیلی فون (Telephone) پر نکاح جائز ہے لیکن اس میں انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس میں دھوکہ فراڈ اور غلط بیانی کے امکانات بہت زیادہ پائے جاتے ہیں۔

انٹرنیٹ اور ٹیلی فون پر نکاح کی دو صورتیں ہیں:

  1. انٹرنیٹ پر ویڈیو کال کے ذریعے کیے گئے نکاح میں غلط بیانی کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ اس میں لڑکا، لڑکی،گواہان، وکیل اور دیگر اعزاء و اقارب سب نہ صرف ایک دوسرے سے بات بھی کر سکتے ہیں بلکہ دیکھ بھی سکتے ہیں۔
  2. انٹرنیٹ پر آڈیو کال یا ٹیلی فون کے ذریعے بھی نکاح اگر پوری تحقیق کے ساتھ کیا جائے غلط بیانی کا امکان نہیں رہے گا۔

انٹرنیٹ اور ٹیلی فون پر نکاح کے لیے درج ذیل طریقہ کار اپنایا جائے:

  • سب سے پہلے پاکستان سے نکاح فارم لیں اوریہاں والا فریق اپنے متعلقہ تمام کوئف پُر (Fill) کرے۔ اگر لڑکا باہر ہے تو اس کا وکیل اور وکیل بنانے کے دو گواہ پاکستان میں ہوں، اور لڑکی کا وکیل اور وکیل بنانے کے دو گواہ لڑکے کے پاس ہوں۔ پھر جو فریق باہر ہے اس کا نام، پتہ اور مخصوص جگہ پر دستخط کرنے کے لیے وہ چاروں فارم اس کے پاس بھیجے جائیں۔ اس طرح باہر والا فریق اپنے متعلقہ تمام کوائف پر کرے اور واپس بھیج دے۔ یاد رہے لڑکی کی تمام ضروری معلومات اور حق مہر وغیرہ سب کچھ وضاحت سے درج ہونا چاہیے، کوئی جملہ مبہم نہ ہو۔
  • جب دونوں فریق اپنے اپنے کوائف مکمل کر لیں تو پھر دو گواہ بنالیں ان کے بھی نام، پتہ اور دستخط کروائیں۔
  • اب نکاح خواں کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں موجود فریق سے تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد انٹرنیت یا ٹیلی فون کے ذریعے باہر والے فریق سے بھی پوری وضاحت طلب کرے تاکہ جو کچھ فارمز میں لکھا ہے اس کی تصدیق ہو جائے۔
  • اب آخر میں لڑکے اور لڑکی کی اجازت سے دو گواہوں کی موجودگی میں انٹرنیٹ یا ٹیلی فون کے ذریعے ایجاب و قبول کروایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ لڑکے کا جو وکیل نکاح خوان کے پاس موجود ہے اُس سے بھی ایجاب و قبول کروایا جائے۔ یعنی لڑکے کا وکیل کہے کہ میں نے فلاں لڑکی اتنے حق مہر کے عوض ان شرائط کے تحت ان گواہوں کے روبرو اپنے فلاں موکل کے نکاح کے لیے قبول کی۔

اگر درج بالا احتیاطی تدابیر کو مدّ نظر رکھ کر انٹر نیٹ یا ٹیلی فون پر نکاح پڑھا جائے تو نکاح منعقد ہو جاتا ہے، اس میں کوئی شرعی ممانعت نہیں ہے۔

ضروری وضاحت:

اگر گزشتہ سطور میں بیان کردہ تمام تر احتیاطی تدابیر کے باوجود کسی فریق کی طرف سے بھی کوئی دھوکہ، فراڈ اور غلط بیانی ثابت ہو جائے تو یہ نکاح، نکاح فضولی کی طرح زوجین کو قبول یا رد کرنے کا اختیار ہوگا۔ فریقین آزاد ہونگے کہ جہاں چاہے اپنی رضا مندی سے نکاح کر سکیں گے۔

اس کی مزید وضاحت کے لیے ملاحضہ کیجیے:

ٹیلی فون اور انٹرنیٹ پر نکاح کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی