اسلام میں چائے اور سگریٹ نوشی کا کیا حکم ہے؟


سوال نمبر:2539
السلام علیکم میرا سوال یہ ہے کہ کیا سگریٹ نوشی حرام ہے؟ یہی سوال چائے سے متعلق ہے۔

  • سائل: امجد جاویدمقام: حاصل پور، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 04 جولائی 2013ء

زمرہ: تمباکو نوشی اور منشیات

جواب:

پہلی بات یہ ہے کہ سگریٹ انسان کی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں۔ سگریٹ نوشی سے انسان مضر بیماریوں میں مبتلا ہوتا ہے۔ جیسا کہ سگریٹ کی ہر ڈبی پر بھی لکھا ہوتا ہے کہ یہ 'مضر صحت ہے' وزارت صحت کی طرف سے وارننگ ہوتی ہے۔ اس سے بڑی اور کیا دلیل ہو سکتی ہے کہ ایک چیز کو بنانے والے خود ہی اس پر لکھ دیں کہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ پھر بھی جو اس کو استعمال کرے گا اسے کون سمجھدار کہے گا۔ کینسر، دمہ، ٹی بی اور دیگر جان لیوا بیماریوں کا سبب بننے کی بنا پر سگریٹ نوشی کو حرام قرار دیا گیا ہے۔

جہاں تک چائے کی بات ہے تو یاد رہے کہ چائے میں پانی اور دودھ ملانے سے صحت کے لیے نقصان دہ نہیں رہتی، اس لیے سگریٹ نوشی اور چائے میں بہت فرق ہے۔ یہ بھی اگر حد سے زیادہ استعمال کی جائے یا وہی پتی بار بار استعمال کرنے سے صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہونے کا خطرہ ہو تو استعمال نہیں کریں گے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی