مزارات پر فاتحہ پڑھنے کا شرعی حکم کیا ہے؟


سوال نمبر:1328
مزارات پر سورۃ فاتحہ پڑھنا کیسا ہے؟ شادی بیاہ کی تقریبات میں ڈھول، بینڈ باجے اور گھوڑے پر سواری کرنا اسلام کی روشنی میں کیا ہے؟

  • سائل: محمد انور حسن خانمقام: ممبی، انڈیا
  • تاریخ اشاعت: 02 جنوری 2012ء

زمرہ: زیارت قبور

جواب:

مسلمانوں کے قبرستان میں جانا اور ان کو سلام کرنا اور ان کے لیے دعا کرنا سب قرآن و حدیث سے ثابت ہے، یونہی ان کا سننا بھی ثابت ہے۔ ہم ہر روز پانچ وقت نماز میں یہ دعا پڑھتے ہیں :

رَبِّ اجْعَلْنِي مُقِيمَ الصَّلاَةِ وَمِن ذُرِّيَّتِي رَبَّنَا وَتَقَبَّلْ دُعَاءِ o رَبَّنَا اغْفِرْ لِي وَلِوَالِدَيَّ وَلِلْمُؤْمِنِينَ يَوْمَ يَقُومُ الْحِسَابُo

(إِبْرَاهِيْم ، 14 : 41)

اے میرے رب! مجھے اور میری اولاد کو نماز قائم رکھنے والا بنا دے، اے ہمارے رب! اور تو میری دعا قبول فرما لےo اے ہمارے رب! مجھے بخش دے اور میرے والدین کو (بخش دے)اور دیگر سب مومنوں کو بھی، جس دن حساب قائم ہوگاo

اس کے علاوہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میں تم کو زیارت قبور سے منع کرتا تھا، تو اب ان کی زیارت کیا کرو۔

حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لوگوں کو تعلیم دیتے تھے کہ جب قبرستان جائیں تو یوں کہیں :

اے اہل ایمان اور اہل اسلام کے گھر والو تم پر سلام اور اللہ نے چاہا تو ہم بھی تم سے ملنے والے ہیں، ہم اللہ سے تمہارے اور اپنے لے عافیت چاہتے ہیں۔

(صحيح مسلم، بحواله مشکوٰة، 154)

اسی طرح بہت ساری احادیث مبارکہ مذکور ہیں۔ تو پتہ چلا کہ مزارات اور قبرستان پر جانا شرعاً قرآن و حدیث کی رو سے جائز ہے اور دعا کا طریقہ بھی مذکور ہے۔ جب بھی جائیں تو سب سے پہلے صاحب مزار کو سلام کریں، پھر حسب توفیق ذکر اذکاار کر کے ایصال ثواب کریں، ادب و احترام کے ساتھ مزار پر بیٹھیں، اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء بیان کریں، قبر سے ٹیک نہ لگائیں، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے کہ عمرو بن جزم کہتے ہیں کہ مجھے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قبر سے ٹیک لگائے دیکھا تو فرمایا قبر والے کو تکلیف نہ دو۔

(مشکوٰة، 149)

مزار پر غیر شرعی حرکات کرنا قرآن و حدیث کی روشنی میں حرام ہیں، مثلاً وہاں سگریٹ، چرس، بھنگ اور حقہ وغیرہ کا پینا، مزار پر سجدہ کرنا۔ قبرستان جائے عبرت ہے، اس کے بارے میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ قبروں کی زیارت کیا کرو کہ یہ موت کی یاد دلاتی ہیں۔

مرد و خواتین کا اختلاط حرام ہے، لہذا خلاصہ کلام یہ ہوا کہ مزار پر ذکر اذکار کیا جائے، مسنون دعائیں پڑھ کر ایصال ثواب کریں اور غیر شرعی کاموں سے پرہیز کریں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: حافظ محمد اشتیاق الازہری