Fatwa Online

اسلام میں‌ لباس کے کیا احکام ہیں؟

سوال نمبر:5434

السلام علیکم! اگر کوئی شخص اسلامی لباس نہیں‌ پہنتا اور اس کی وجہ یہ بیان کرتا ہے کہ یہ لباس پہن کر میں‌ پینڈو لگوں گا اور لوگ میرا مذاق اڑائیں‌ گے یا غیر مسلم نسلی بنیادوں‌ پر مجھ سے تعصب برتیں‌ گے تو اس کے بارے میں‌ کیا حکم ہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: فضہ علی

  • مقام: انگلستان
  • تاریخ اشاعت: 24 جون 2019ء

موضوع:پردہ و حجاب اور لباس

جواب:

ہر وہ لباس جو ستر پوشی کرے، زیب و زینت دے اور موسمی اثرات سے محفوظ رکھے وہ شریعتِ اسلامی کے عین مطابق ہے۔ اسلام نے کسی خاص وردی کو اسلامی لباس کا نام نہیں دیا بلکہ مذکورہ اصول متعارف کروائے ہیں جن پر پورا اترنے والا ہر لباس اسلامی لباس ہی کہلائے گا۔ یاد رہے کہ موضع ستر یعنی وہ اعضاء جن کا چھپانا فرض ہے وہ مَردوں کے لیے ناف سے گھٹنوں تک اور عورتوں کے لیے سارا بدن سوائے چہرے، ہتھیلیوں اور قدموں کے ستر میں داخل ہیں۔

اگر کوئی شخص ایسا لباس پہنتا ہے جس سے ستر پوشی نہیں ہو رہی یا اتنا باریک ہے کہ موضع ستر ظاہر ہو رہا ہے یا اتنا چست ہے کہ اس سے اعضاء کا اظہار ہو رہا ہے یا موسمی اثرات یعنی گرمی سردی سے حفاظت نہیں کر رہا تو یہ لباس پہننا ناجائز ہے۔ ایسا کرنے والا شریعت کی نظر میں گنہگار ہے‘ اسے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگ کر ستر پوشی کا شرعی حکم ماننا چاہیے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 19 April, 2024 03:08:02 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5434/