Fatwa Online

کیا عورت کی میت غیرمحرم مرد اٹھا سکتا ہے؟

سوال نمبر:5042

السلام علیکم! غیرمحرم عورت کی میت کو کندھا دینا جائز ہے؟ سنا ہے کہ حدیث ہے کہ جس نے میت کو 3 بار کندھا دیا اس نے میت سے رشتے کا حق ادا کر دیا، کیا یہ حدیث ہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: فیض الرحمٰن

  • مقام: پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 05 اکتوبر 2018ء

موضوع:احکام میت

جواب:

مردہ عورت کا چہرہ غیرمحرم نہیں دیکھ سکتا نہ ہی قبر میں اتار سکتا ہے۔ البتہ اگر میت کا کوئی محرم موجود نہ ہو تو غیرمحرم قبر میں بھی اتار سکتا ہے۔ تاہم غیرمحرم مرد کے لیے عورت کی میت والی چارپائی کو کندھا دینے میں کوئی حرج نہیں، قرآن و حدیث میں اس کی کوئی ممانعت بھی بیان نہیں ہوئی، بلکہ جنازے کے ساتھ چلنا اور میت کی چارپائی اٹھانے کو میت کے حقوق میں شامل کیا گیا ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

مَنْ تَبِعَ جَنَازَةً، وَحَمَلَهَا ثَلَاثَ مَرَّاتٍ، فَقَدْ قَضَى مَا عَلَيْهِ مِنْ حَقِّهَا.

جو شخص جنازہ کے پیچھے چلا اور اسے تین مرتبہ اٹھایا اس نے جنازہ کا وہ حق ادا کر دیا جو اس کے ذمہ تھا۔

ترمذي، السنن، كتاب الجنائز، باب ما جاء في فضل الصلاة على الجنازة، 3: 359، رقم: 1041، بيروت، لبنان: دار احياء التراث العربي

اور جنازے کے چاروں پائیوں کو باری باری کندھا دینا سنت ہے۔ حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا ہے:

مَنِ اتَّبَعَ جِنَازَةً فَلْيَحْمِلْ بِجَوَانِبِ السَّرِيرِ كُلِّهَا؛ فَإِنَّهُ مِنَ السُّنَّةِ، ثُمَّ إِنْ شَاءَ فَلْيَتَطَوَّعْ، وَإِنْ شَاءَ فَلْيَدَعْ.

جو شخص جنازہ کے پیچھے چلے، اُسے چارپائی کے پورے (چاروں) پائے پکڑنے چاہئیں کیونکہ یہ سنت ہے پھر اس کے بعد چاہے پکڑے اور چاہے چھوڑ دے۔

ابن ماجه، السنن، كتاب الجنائز، باب ما جاء في شهود الجنائز، 1: 474، رقم: 1478، بيروت: دار الفكر

اس لیے غیرمحرم عورت کے جنازے کو کندھا دینا جائز اور جنازے کے ساتھ چلنا سنت ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 18 April, 2024 09:33:09 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/5042/