Fatwa Online

کیا "الفیوضات المحمدیہ" سے صرف رفقاء ہی وظائف کر سکتے ہیں؟

سوال نمبر:2314

السلام علیکم میرا سوال یہ ہے کیا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب “الفیوضات المحمدیہ“ سے وضائف صرف وہی کر سکتا ہے، جو تحریک منہاج القرآن کا باقاعدہ رکن ہے؟ میں تحریک کا باقاعدہ کارکن نہیں ہوں، لیکن محبین و وابستگان میں سے تو شروع سے ہوں، تو کیا میں اس کتاب سے وضائف پڑھ سکتا ہوں یا باقاعدہ رکن ہی یہ وظائف کر سکتے ہیں؟

سوال پوچھنے والے کا نام: محمد جنید انور

  • مقام: پاکپتن شریف
  • تاریخ اشاعت: 30 مارچ 2013ء

موضوع:وظائف

جواب:

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے الفیوضات المحمدیۃ کے آغاز میں شرائط اجازت لکھ دی ہیں، ان کا بغور مطالعہ کر لیا جائے۔ آپ کے استفادہ کے لیے شیخ الاسلام کی تحریر ذیل میں دی جارہی ہے:

شرائطِ اجازت

تحریکِ منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین اور جملہ وابستگان و محبین کے لئے خصوصی وظائف دیئے جارہے ہیں۔ انہیں اس امر کی اجازت ہے کہ وہ اپنے سلاسل کے مطابق اپنے مشائخ کے دیئے ہوئے وظائف کو جاری رکھتے ہوئے ان وظائف کو اپنا یومیہ معمول بنائیں ان کے ذریعے سب کو انشاء اللہ نسبتِ عبدیت اور نسبتِ محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، ظاہری و باطنی فیوض و برکات اور روحانی مَلکات کی شکل میں نصیب ہوں گی دنیا و آخرت کی کثیر نعمتوں، برکتوں اور سعادتوں سے بہرہ یاب ہوں گے۔

میں سید الکونین و الثقلین حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، حضور غوث الاعظم سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ، سیدی و سندی قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی البغدادی ص کی طرف سے جملہ سلاسل طریقت کے ضوابط اور آگے درج شدہ شرائط کے مطابق اُن کو اجازت دیتا ہوں۔

جن سلاسل میں ان کی پہلی نسبت و ارادات ہے وہ بھی برقرار رہے گی یہ ان کے لئے تحریکِ منہاج القرآن سے قلبی و روحانی وابستگی اور مشن کی تنظیمی و تحریکی خدمات کی بنا پر نسبتِ عبدیت اور نسبتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اضافی فیض ہے۔

الفُیوضَاتُ المُحَمَّدِیَّۃ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جملہ وظائف و اذکار اور معمولات کے لئے شرائط درج ذیل ہیں:

جو لوگ ان دس شرائط کی ممکنہ حد تک پابندی کر سکیں انہیں ان وظائف کی اجازت ہے۔

  1. اﷲ تعالیٰ کے لئے اخلاص فی التوحید اور محبت و اطاعت، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و اتباع، ادب و تعظیم اور خدمت و نصرت، انبیاء کرام علیہم السلام، اہلِ بیت اطہار، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور اولیاء و صالحین رحمہم اللّٰہ کی محبت، تکریم اور توسّل کے عقیدہ پر کار بند رہیں۔
  2. تحریک منہاج القرآن سے باقاعدہ وابستہ ہوں۔
  3. ہمہ وقت باطہارت اور باوضو رہیں۔
  4. نماز پنجگانہ اور ممکنہ حد تک دیگر نفلی عبادات کے پابند ہوں۔
  5. زبان کو گالی گلوچ، غیبت، چغلی، کذب، تہمت، طعن و تشنیع اور لغویات سے محفوظ رکھیں۔
  6. کثرت سے صدقہ و خیرات کریں۔
  7. اﷲ کی مخلوق کے ساتھ اپنے معاملات کو درست رکھیں۔
  8. زندگی میں تقویٰ، پرہیز گاری، امانت و دیانت اور حسن اخلاق جیسی خوبیوں کو اپنے کردار کی زینت بنائیں اور اقامتِ دین، احیاء اسلام اور مصطفوی انقلاب کے مشن کی حتی المقدور وقت، جان اور مال سے خدمت کریں اور ہمیشہ تنازعات سے گریز کریں۔
  9. ہمیشہ اﷲ تعالیٰ کا ذکر، توبہ و استغفار اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کا معمول جاری رکھیں۔
  10. تحریک منہاج القرآن کی طرف سے دیئے گئے اخلاقی، تنظیمی، تحریکی، دعوتی اور تربیتی ہدایات پر حتی المقدور عمل کرتے رہیں اور اس مشن کے فروغ میں کوئی کمی نہ آنے دیں۔
  11. اس کتاب کے باب چہارم میں نسبتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پختگی اور زیارتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے وظائف دیئے جا رہے ہیں جو کہ 20 منزلوں پر مشتمل ہیں ہر منزل کی ابتداء کا طریقہ اور معمول لکھ دیا ہے۔ حسبِ اجازت اپنا وظیفہ جاری رکھیں، اگلی منزل کی اجازت انشاء اﷲ تعالیٰ ہر سال رمضان المبارک کے آخری عشرہ اعتکاف کے دوران ملا کرے گی۔

یہ دس روزہ اعتکاف پچھلی منزل کی تکمیل، اگلی منزل کی ابتداء اور اجازت کے لئے خلوت کا درجہ رکھتا ہے۔ اس موقع پر نسبتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پختگی کی ریاضت خصوصی نگرانی میں کروائی جاتی ہے۔ جب بھی پچھلی منزل کی تکمیل ہو گی تو اگلی منزل کی اجازت دی جائے گی جس کے بعد پچھلی منزل کے وظائف کو دہرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

الراجی رحمةَ ربّةِ العلٰی
و الفقیر الٰی حضرة النّبی المصطفیٰ

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

23 نومبر 2003ء
بمطابق 27 رمضان المبارک، 1424ھ

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

Print Date : 18 April, 2024 05:16:51 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/2314/