کیا شیطان کی افزائشِ نسل ہوتی ہے؟


سوال نمبر:5589
السلام علیکم! کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مسئلہ ذیل میں کہ کیا شیطان کی افزائش نسل انڈوں کے ذریعے ہوتی ہے یا بچوں کے ذریعے؟ بہر صورت راجح اور معتمد کیا ہے؟

  • سائل: منور علی مصباحیمقام: رام پور، انڈیا
  • تاریخ اشاعت: 29 نومبر 2019ء

زمرہ: متفرق مسائل

جواب:

ابلیس جنوں میں سے ہے، یہ فرشتوں ميں سے نہیں تھا کیونکہ فرشتے عزت والی مخلوق ہیں اور وہ اللہ تعالی کے کسی حکم کی نافرمانی نہیں کرتے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

وَإِذْ قُلْنَا لِلْمَلاَئِكَةِ اسْجُدُوا لِآدَمَ فَسَجَدُوا إِلاَّ إِبْلِيسَ كَانَ مِنَ الْجِنِّ فَفَسَقَ عَنْ أَمْرِ رَبِّهِ أَفَتَتَّخِذُونَهُ وَذُرِّيَّتَهُ أَوْلِيَاءَ مِن دُونِي وَهُمْ لَكُمْ عَدُوٌّ بِئْسَ لِلظَّالِمِينَ بَدَلاً.

اور (وہ وقت یاد کیجئے) جب ہم نے فرشتوں سے فرمایا کہ تم آدم (علیہ السلام) کو سجدۂ (تعظیم) کرو سو ان (سب) نے سجدہ کیا سوائے ابلیس کے، وہ (ابلیس) جنّات میں سے تھا تو وہ اپنے رب کی طاعت سے باہر نکل گیا، کیا تم اس کو اور اس کی اولاد کو مجھے چھوڑ کر دوست بنا رہے ہو حالانکہ وہ تمہارے دشمن ہیں، یہ ظالموں کے لئے کیا ہی برا بدل ہے (جو انہوں نے میری جگہ منتخب کیا ہے)۔

الْكَهْف، 18: 50

درج بالا آیت سے واضح ہوا کہ شیطان جنات میں سے ہے اور اسی آیت میں اس کی اولاد کا بھی ذکر ہے۔ علامہ عبدالرحمان بن علی الجوزی رحمۃ اللہ علیہ اس آیت کی تفسیر بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

قال الحسن وقتادة ذريته أولاده وهم يتوالدون كما يتوالد بنو آدم قال مجاهد ذريته الشياطين ومن ذريته زلنبور صاحب راية ابليس بكل سوق وثبر وهو صاحب المصائب والأعور صاحب الرياء ومسوط صاحب الأخبار يأتي بها فيطرحها على أفواه الناس فلا يوجد لها اصل وداسم صاحب الإنسان إذا دخل بيته ولم يسلم ولم يذكر اسم الله فهو يأكل معه إذا أكل.

حسن اور قتادہ نے بیان کیا ہے کہ آیت میں ذریت کے لفظ سے مراد (شیطان) کی اولاد ہے، شیطانوں کی بھی اسی طرح اولاد ہوتی ہے جس طرح بنو آدم کی اولاد ہوتی ہے۔ مجاہد نے کہا ہے کہ اس کی ذریت سے مراد شیاطین ہیں، اس کی ذریت میں دنبور ہے جو ہر بازار میں شیطان کا جھنڈا اٹھائے ہوئے ہوتا ہے، ثبر ہے جو مصائب کا سبب ہے، اعور ہے جو ریاکاری کا باعث ہے، مسوط ہے جو لوگوں میں جھوٹی باتیں پھیلاتا ہے، داسم ہے جو اس آدمی کا ساتھی ہے جو گھر میں بغیر سلام کیے داخل ہوتا ہے اور بسم اللہ پڑھے بغیر کھانا کھائے وہ اس کے ساتھ کھانے میں شریک ہو جاتا ہے۔

عبدالرحمان جوزی، زاد المسیر، 5: 154، بیروت، المکتب الاسلامی

اس تفصیل سے معلوم ہوا کہ بنی آدم کی طرح شیطان کی اولاد پیدا ہوتی ہے۔ بہرحال شیطان جنات میں سے ہے۔ قرآنِ مجید یا احادیثِ صحیحہ میں جنات کی افزائشِ نسل کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں اس لیے شیطان کی افزائشِ نسل کے بارے کسی مخصوص طریقہ کار کی تخصیص نہیں کی جاسکتی۔ جب اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس مردود کی افزائشِ نسل کے متعلق اتنی باریکی سے بیان نہیں کیا تو ہمیں بھی اس سلسلے میں فکرمند ہونے سے گریز کرنا چاہیے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری