نماز باجماعت ادا کرنے کی کیا حکمتیں ہیں؟


سوال نمبر:493
نماز باجماعت ادا کرنے کی کیا حکمتیں ہیں؟

  • تاریخ اشاعت: 27 جنوری 2011ء

زمرہ: نماز  |  نمازِ باجماعت کے احکام و مسائل  |  عبادات

جواب:

نمازِ پنجگانہ مسجد میں باجماعت ادا کرنے کی درج ذیل حکمتیں ہیں :

  1. نماز باجماعت مسجد میں ادا کرنے سے مسلمانوں کو دن میں پانچ مرتبہ یکجا ہونے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ اس طرح انہیں اہلِ محلہ کے بارے میں پتہ چلتا ہے کہ کون کس حال میں ہے قرب و جوار میں کوئی ایسا تو نہیں جو پریشان و تنگدست ہے یا بیمار ہے۔
  2. باجماعت نماز کی ادائیگی قرب و موانست اور محبت کے رشتے کو مضبوط و مستحکم بنانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ ایک دوسرے کی خوشی غمی اور دکھ سکھ میں شریک ہو کر ایک صحت مند، خوشحال اور فعال معاشرے کی تعمیر ممکن ہے۔
  3. نماز باجماعت کی پابندی سے انسان کے دل میں یہ احساس جاگزیں ہوتا ہے کہ بغیر کسی شرعی عذر کے گھر کے اندر رہ کر انفرادی سطح پر نماز جیسے فریضے کی بجا آوری ممکن نہیں تو افرادِ معاشرہ ایک دوسرے سے الگ تھلگ کیسے رہ سکتے ہیں؟
  4. باجماعت نماز سے اطاعتِ امیر کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
  5. معاشرے کے اندر وحدت و یگانگت کے جذبات فروغ پاتے ہیں۔
  6. وقت کی پابندی کا درس ملتا ہے۔
  7. عملاً مساوات کا مظاہرہ ہوتا ہے۔
  8. اتحاد، نظم اور یقین محکم کا درس ملتا اور تربیت ہوتی ہے۔
  9. نیکیوں میں سبقت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
  10. غرور و تکبر کے بت ٹوٹتے ہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔