مسجد میں کرسی پر بیٹھنے کا کیا حکم ہے؟


سوال نمبر:4646

السلام علیکم مفتی صاحب! میرے دو سوال ہیں:

1۔ مسجد میں کرسی پر بیٹھنا

کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ آج کل مساجد میں کرسیوں پر بیٹھنے کا عام رعاج ہوتا جا رہا ہے۔ بعض لوگ اس میں بہت کھلا نظریہ رکھتے ہیں عذر ہو نہ ہو یا معمولی عذر بھی ہو تو (بیان، درس وغیرہ سننے کے لیے) کرسی پر بیٹھ جاتے ہیں۔ جبکہ بعض حضرات کو دیکھا ہے کہ وہ مسجد میں کرسی پر بیٹھنے کو سخت بے ادبی سمجھتے ہیں حتیٰ کہ ایک بزگ کو دیکھا کہ وہ سخت دشواری سے زمین پر بیٹھے اور جب کرسی پر بیٹھنے کی درخواست کی گئی تو انہوں نے سختی سے کہہ دیا کہ مسجد میں کرسی پر بیٹھوں؟ یہ تو بڑی بے ادبی ہے۔ سوال یہ ہے کہ مسجد میں معمولی عذر کے ساتھ یا بلا عذر کرسی پر بیٹھنا کیسا ہے ؟

2۔ زمین پر بیٹھ کر قرآن پاک پڑھنے والے پاس کرسی پر بیٹھنا

بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ زمین پر بیٹھ کر کوئی دوسرا قرآن پڑھ رہا ہوتا ہے تو اس صورت میں کیا اس کے پاس کرسی پر بیٹھ سکتے ہیں اور اگر قریب نہیں تو کتنے فاصلے پر بیٹھ سکتے ہیں؟ برائے مہر بانی اس مسئلہ کو تفصیل سے تحریر فرمادیں۔

  • سائل: محمد ناصرمقام: لاہور، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 17 جنوری 2018ء

زمرہ: مسجد کے احکام و آداب

جواب:

اگر کسی شخص کو واقعی کرسی کے علاوہ بیٹھنے میں تکلیف ہو تو وہ مسجد میں کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے اور درسِ قرآن و محافل بھی کرسی پر بیٹھ کر سن سکتا ہے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

لاَ يُكَلِّفُ اللّهُ نَفْسًا إِلاَّ وُسْعَهَا.

اﷲ کسی جان کو اس کی طاقت سے بڑھ کر تکلیف نہیں دیتا۔

البقره، 2: 286

قرآنِ مجید میں دوسرے مقام پر اللہ تعالیٰ نے اپنا اصول بیان فرمایا ہے کہ:

وَمَا جَعَلَ عَلَيْكُمْ فِي الدِّينِ مِنْ حَرَجٍ.

اس نے تم پر دین میں کوئی تنگی نہیں رکھی۔

الْحَجّ، 22: 78

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے کہ:

یَسِّرُوا وَلَا تُعَسِّرُوا وَسَکِّنُوا وَلَا تُنَفِّرُوا.

لوگوں پر آسانی کرو اور ان کو مشکل میں نہ ڈالو، لوگوں کو آرام پہنچاؤ اور ان کو (اسلام سے) متنفر مت کرو۔

  1. بخاري، الصحیح، 5: 2269، رقم: 5774، بیروت، لبنان: دار ابن کثیر الیمامة
  2. مسلم، الصحیح، 3: 1359، رقم: 1734، بیروت، لبنان: دار احیاء التراث العربي

لہٰذا آدابِ مسجد کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے بلاعذرِ شرعی کرسی پر بیٹھنا کراہت سے خالی نہیں، تاہم جس شخص کے لیے زمین پر بیٹھنا مشکل ہو وہ مسجد میں کرسی پر بیٹھ سکتا ہے۔

جس طرح قرآنِ مجید پڑھنے والے کے پاس کھڑے ہونے میں کوئی بے ادبی نہیں اسی طرح قرآنِ مجید پڑھنے والے کے پاس کرسی پر بیٹھنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔ صرف پاؤں قرآن مجید کی طرف یا اس سے بلند نہیں ہونے چاہئیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری