کیا کوئی مسلمان مشرک ہوسکتا ہے؟


سوال نمبر:4014
کیا مسلمان شرک کر سکتا ہے؟

  • سائل: محمد خورشیدمقام: راولپنڈی
  • تاریخ اشاعت: 25 مئی 2017ء

زمرہ: شرک

جواب:

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی امت کے شرک میں مبتلا نہ ہونے کی خبر دی ہے، اس کا معنیٰ ہرگز یہ نہیں ہے کہ امتِ محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کوئی شخص مشرک نہیں ہوگا بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ من الحیث الکل سارے کے سارے مسلمان کوئی شرکیہ عقیدہ نہیں بنائیں گے اور شرک جیسے ظلمِ عظیم سے محفوظ رہیں گے۔ چنانچہ حضرت حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:

صَلَّی رَسُولُ اﷲِ صلی الله عليه وآله وسلم عَلَی قَتْلَی أُحُدٍ. ثُمَّ صَعِدَ الْمِنْبَرَ کَالْمُوَدِّعِ لِلْأَحْيَاءِ وَالْأَمْوَاتِ. فَقَالَ إِنِّي فَرَطُکُمْ عَلَی الْحَوْضِ. وَإِنَّ عَرْضَهُ کَمَا بَيْنَ أَيْلَةَ إِلَی الْجُحْفَةِ. إِنِّي لَسْتُ أَخْشَی عَلَيْکُمْ أَنْ تُشْرِکُوا بَعْدِي. وَلَکِنِّي أَخْشَی عَلَيْکُمُ الدُّنْيَا أَنْ تَنَافَسُوا فِيهَا، وَتَقْتَتِلُوا فَتَهْلِکُوا کَمَا هَلَکَ مَنْ کَانَ قَبْلَکُمْ.
قَالَ عُقْبَهُ: فَکَانَتْ آخِرَ مَا رَأَيْتُ رَسُولَ اﷲِ عَلَی الْمِنْبَرِ.

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شہداء اُحد کی نماز جنازہ پڑھی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے منبر پر رونق افروز ہو کر اس طرح نصیحت فرمائی جیسے کوئی زندوں اور مردوں کو نصیحت کر رہا ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرمایا: میں حوض پر تمہارا پیش رو ہوں گا، اور اس حوض کا عرض اتنا ہے جتنا مقام اَیلہ سے لے کر جحفہ تک کا فاصلہ ہے، مجھے تمہارے متعلق یہ خدشہ تو نہیں ہے کہ تم (سب) میرے بعد مشرک ہوجاؤگے لیکن مجھے تمہارے متعلق یہ خدشہ ہے کہ تم دنیا کی طرف رغبت کروگے اور ایک دوسرے سے لڑ کر ہلاک ہوجاؤگے، جیسا کہ تم سے پہلے لوگ ہلاک ہوگئے۔

حضرت عقبہ فرماتے ہیں: میں نے اس موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آخری بار منبر پر دیکھا تھا۔

مسلم، الصحيح، 4: 1796، رقم: 2296، بيروت، لبنان: دار احياء التراث العربي

درج بالا حدیثِ مبارکہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے وضح طور بتا دیا کہ امتِ مسلمہ بحیثیت مجموعی شرک میں مبتلاء نہیں ہوگی۔ پہلی امتوں نے اپنے نبیوں کو ہی معبود بنا لیا، مگر امتِ محمدیہ میں ایسا کوئی عقیدہ ایجاد ہوا نہ ہوگا۔ تاہم اگر کوئی شخص واقعتاً اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات اور افعال و اسماء میں کسی کو شریک ٹھہرائے تو وہ مشرک ہے۔ اللہ ہم سب کو اس ظلمِ عظیم سے بچائے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری