اگر شوہر نے بیوی سے کہا ’میری کمائی تم پر حرام ہے‘ تو کیا طلاق واقع ہوجائےگی؟


سوال نمبر:3504
السلام علیکم مفتی صاحب! اگر نافرمان بیوی کو شرمندہ کرنے یا طنزاً کہا جائے کہ ’’تم میری بات نہیں‌ مانتی تو میری کمائی اور میرا گھر تمہارے لیے حرام ہے‘‘ کیا اس سے طلاق ہو جائے گی؟

  • سائل: عمران فیصلمقام: پشاور
  • تاریخ اشاعت: 11 فروری 2015ء

زمرہ: طلاق

جواب:

اس سے طلاق تو واقع نہیں ہوگی لیکن شوہر پر قسم کا کفارہ لازم آئے گا۔ بیوی کا نان، نفقہ اور سکنہ شوہر کے ذمے ہے، اور جب تک بیوی نکاح میں ہے شوہر کو ہر حال میں یہ ذمہ داری ادا کرنا ہوتی ہے۔ مذکورہ بالا یا اس طرح کے الفاظ ادا کرنے سے قسم کا کفارہ واجب ہوتا ہے۔ لہٰذا شوہر پر لازم ہے کہ وہ دس مسکینوں کو اوسط درجے کا کھانا کھلائیں یا کپڑے پہنائیں یا پھر تین دن کے مسلسل روزے رکھیں۔ بہرحال طلاق واقع نہیں ہوئی۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی