کیا قرآن پاک پڑھ کر ایصال ثواب کیا جا سکتا ہے؟


سوال نمبر:2684
السلام علیکم میرا سوال یہ ہے کہ بہت سے لوگ ادھر یہ کہتے ہیں کہ قرآن پڑھنے کا ثواب مرنے والوں کو نہیں جاتا اور لوگ صرف اور صرف قرآن یا احادیث کا حوالہ مانگتے ہیں۔ ایصال ثواب میں صدقہ جاریہ تو مانتے ہیں لیکن قرآن پڑھنے کا ثواب مرنے والوں کو جا سکتا ہے، اس کا انکار کرتے ہیں۔ میں نے پاکستان میں بہت علماء سے اس کا پتہ کیا ہے۔ مگر بعض نے تو کہا کہ تم ان چکروں میں نہ پڑو۔ یا تو وہ تسلی بخش جواب قرآن یا احادیث کی روشنی میں نہیں دے سکے۔ بہت شکریہ

  • سائل: طارق شبیرمقام: زیورخ، سوئٹزرلینڈ
  • تاریخ اشاعت: 20 جولائی 2013ء

زمرہ: عقائد  |  ایصال ثواب  |  احکام میت

جواب:

سب سے پہلے ایک قاعدہ یاد کر لیں کہ دلیل منع کے لیے ہوتی ہے۔ آپ اعتراض کرنے والے سے سوال کریں کہ قرآن یا حدیث میں کہاں لکھا ہوا ہے کہ قرآن کا ثواب مرنے والے کو نہیں پہنچتا؟ یہ قرآن وحدیث کا قاعدہ ہے کہ جو جائز نہیں ہے اس سے منع کر دیا گیا ہے، باقی سب جائز ہے۔ ہر نئی آنے والی چیز کو دیکھا جائے گا کہ اس میں ناجائز ہونے کی کوئی علت پائی جاتی ہے کہ نہیں، اگر نہ پائی جاتی ہو تو جائز ہوتی ہے۔ اس قاعدے کو سمجھنے کے لیے ایک عام فہم اور سادہ سی مثال درج ذیل ہے جو معرضین کے بہت سے سوالات کا ایک ہی جواب ہے : مثلا ہم روز مرہ زندگی میں پیدل یا گاڑی پر سفر کرتے ہیں تو کہیں بھی یہ نہیں لکھا ہوتا کہ آپ اس سڑک (Road) پر سے گزر سکتے ہیں۔ اس گلی (street) سے بھی گزر سکتے ہیں یا اس راستے سے بھی گزر سکتے ہیں۔ ہاں جس راستے سے منع کرنا ہو وہاں یہ ضرور لکھا ہوتا ہے، یہ شارع عام نہیں ہے (No Entry) یا یہاں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہے وغیرہ وغیرہ یا پھر کوئی رکاوٹ لگا کر راستے کو بند کر دیا جاتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ جس راستے سے منع ہی نہیں کیا گیا اگر کوئی شخص کہے کہ آپ وہاں سے کیوں گزرے ہیں تو ہم یہی کہیں گے کہ شارع عام ہے جس کی مرضی ہے گزرے کوئی پابندی نہیں ہے۔ آپ کون ہوتے ہیں منع کرنے والے؟

لیکن افسوس آج کل کچھ نام نہاد اسلام کے ٹھیکیدار امت مسلمہ کو ہر اس نیکی کے کام سے منع کرتے ہیں جس میں مسلمانوں کا فائدہ ہو۔ یاد رکھیں ہر نیک کام کا ثواب مرنے والے کو پہنچایا جا سکتا ہے۔ کہیں بھی تعین نہیں کیا گیا کہ فلاں فلاں کام کا اجر وثواب میت کو پہنچایا جا سکتا ہے اور فلاں فلاں کا نہیں، جو کہتا ہے نہیں پہنچتا غلط کہتا ہے۔ قرآن وحدیث میں ایک مقام پر بھی نہیں ہے کہ قرآن مجید کا ثواب مرنے والے کو نہیں پہنچتا۔ یہ تو چند ضروری باتیں جو بیان کر دی گئی ہیں۔

اس موضوع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب
(ایصال ثواب کی شرعی حیثیت)
کے مطالعہ کے لیے یہاں کلک کریں

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی