ختم غوثیہ کے فضائل وبرکات اور طریقہ بتائیں؟


سوال نمبر:2636
السلام علیکم میرا سوال یہ ہے کہ ختم غوثیہ کے فضائل و برکات اور تفصیلی طریقہ بتائیں! نیز بتائیں کہ یہ ختم حضور غوث پاک سے کیوں منسوب ہے اور کیا یہ ان کے معمولات میں شامل تھا؟

  • سائل: وسیم یونسمقام: میرپور، آزاد کشمیر
  • تاریخ اشاعت: 04 جولائی 2013ء

زمرہ: متفرق مسائل

جواب:

کوئی ختم کسی کے لیے خاص نہیں ہے۔ قرآن پاک پڑھیں، نعت شریف اور منقبت پڑھیں۔ جو کچھ بھی کلام پاک پڑھیں، اللہ تعالی کے نیک اور صالح بندوں کے لیے دعائے خیر کریں۔ ان کے وسیلہ سے اللہ تعالی سے اپنے لیے دعائے خیر مانگیں۔ لوگوں کو زیادہ لمبے چوڑے چکروں میں نہ ڈالیں۔ تاکہ جو ایک دن آ جائیں وہ آئندہ بھی آ جائیں، ایسا نہ ہو کہ جو ایک بار آئیں اگلی بار نہ آئیں۔ اس لیے لوگوں کے معمولات کا خیال رکھا جائے۔

نمازوں کا خاص خیال رکھا جائے ایسا نہ ہو کہ ساری رات محافل ذکر ونعت میں گزاریں اور فجر کی نماز کے وقت سو جائیں یا باقی نمازوں کے وقت بھی ختم شریف میں مگن رہیں اور نماز کا وقت نکل جائے۔ تلاوت قرآن مجید، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، منقبت اور ختم شریف کے ساتھ ساتھ لوگوں کو قرآن وحدیث کا فہم بھی دیا جائے جو دین کا اصل مقصد ہے۔ فہم دین کی اشد ضرورت ہے۔ یہی اللہ اور اس کے رسول کا حکم ہے اور یہی حضور غوث پاک رحمۃ اللہ علیہ کا مشن ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: عبدالقیوم ہزاروی