خواب میں‌ بچھڑے کو دیکھنا کیسا ہے؟


سوال نمبر:1949
میرے ابو جان کا 19 جنوری 2012 کو انتقال ہو گیا تھا۔ تقریباً 10 دن پہلے میری امی جان نے خواب میں ابو جان کو دیکھا اور ابو جان نے میری والدہ کو کہیں‌ جانے کا کہا۔ پھر دیکھتی ہیں‌ کہ وہ ابو جان کے ساتھ سفر میں ہیں لیکن ان کے پاس صرف اپنے پرس کے علاوہ کوئی سامان نہیں ہے۔ وہ کسی گاؤں میں‌ ہیں اور پانی کے نالے کے پاس سے گزر رہی ہیں۔ اور اس پانی کے نالے کے پاس ایک بہت ہی غریب سا آدمی بیٹھا ہوا ہے، پھر دیکھتی ہیں کہ ابو جان کے پاس ایک بہت ہی خوبصورت سرخ و سفید رنگ کا بچھڑا ہے۔ اور وہ گائے کا بچھڑا پانی میں‌ جمپ لگا دیتا ہے اور میرے ابو جان بھی اس کے پیچھے جمپ لگا دیتے ہیں میری امی پریشان ہوتی ہیں‌ اور ان کو آواز دیتی ہیں۔ پھر وہ دیکھتی ہیں کہ وہ بچھڑا پانی میں‌ ڈوب جاتا ہے اور ابو جان پانی سے باہر آ جاتے ہیں۔ اور ان کے پاس بہت ہی زیادہ پیسے ہوتے ہیں اور وہ سارے کے سارے پیسے اس غریب آدمی کو دیتے ہیں جو نالے کے پاس بیٹھا ہوتا ہے۔ وہ آدمی کہتا ہے کہ یہ بہت زیادہ ہیں لیکن ابو جان سب اسی کو دیتے ہیں۔ اس کے بعد ابو امی کو کہتے ہیں کہ چلو واپس چلو۔ مزید سفر کی ضرورت نہیں‌ اور امی کی آنکھ کھل جاتی ہے۔ براہ مہربانی اس خواب کی تعبیر کے بارے میں کچھ ضرور بتائیں۔

  • سائل: مستقیم چوہدریمقام: دبئی، متحدہ عرب امارات
  • تاریخ اشاعت: 23 جولائی 2012ء

زمرہ: خواب اور بشارات

جواب:

  1. خواب میں بچھڑے کو دیکھنا خوف سے امن و سلامتی کی دلیل ہے۔
  2. اگر آپ کے والد محترم نے کسی کا قرض ادا کرنا ہو تو اس کا قرض ادا کر دیں
  3. اپنے والد محترم کی طرف سے صدقہ و خیرات کریں۔
  4. اگر آپ کے والد محترم اپنی زندگی میں کسی کی مالی مدد کرتے تھے تو آپ اس کی مدد جاری رکھیں۔ اللہ تعالی آپ کے والد محترم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: حافظ محمد اشتیاق الازہری