ذکر الٰہی کا طریقہ کیا ہے؟


سوال نمبر:171
ذکر الٰہی کا طریقہ کیا ہے؟

  • تاریخ اشاعت: 21 جنوری 2011ء

زمرہ: روحانیات  |  روحانیات  |  روحانیات

جواب:

سالک کو چاہیے کہ ابتدا میں ذکر بالجہر یعنی بلند آواز کے ساتھ ذکر نفی و اثبات یعنی لا الہ الا اﷲ کا ورد کثرت سے کرے۔ اپنی آنکھیں بند کر کے دو زانو قبلہ رخ بیٹھ جائے ’’لا‘‘ کو اپنی ناف کے اوپر اور دل کے نیچے سے کھینچ لے حتیٰ کہ دائیں شانے تک لائے پھر ’’الہ‘‘ کے فوراً بعد ’’الا اﷲ‘‘ کی ضرب زور سے دل پر لگائے یہ ضرب اس قدر شدید ہو کہ دل پر لگنے کا احساس ہو۔ ذکر کا آغاز آہستہ آواز سے کرے پھر درجہ بدرجہ اپنی آواز میں شدت پیدا کرے، جس کے ساتھ سر کی گردش میں تیزی کرے یہاں تک کہ ایک مجنوں کی سی حالت ہو جائے اور لوگ دیکھیں تو اسے دیوانہ یا پاگل سمجھیں، دوران ذکر خود کو بیخود بناتے ہوئے اس قدر مست ہو جائے کہ اس کے دل میں ذکر کا نور پیدا ہو جائے۔ لا کی مد کا اور الا اﷲ کی شد کا خاص خیال رکھنا ہو گا، پھر الہ میں ل کو لمبا کرنا ہے اور ہ کو چھوٹا کرے لا الہ کا حصہ نفی پر مبنی ہے پس اسی سانس میں اثبات کا ذکر کرنا اور فوراً الا اﷲ کہنا ہو گا۔ لفظ اﷲ کی آخری ہ برکت والی ہے اسے بھی زور سے ادا کرے۔ اللہ ہو کا ذکر کرنا چاہے تو اللہ سانس اوپر کھینچتے وقت کہے اور ہو سانس کو نیچے لاتے وقت، الا ﷲ اور ھو سے دل پر ضرب لگائے یہاں تک کہ دل خود بخود ذکر کرنے لگے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔