Fatwa Online

سورۃ کوثر کس کی شان میں‌ نازل ہوئی؟

سوال نمبر:828

سورۃ کوثر کس کی شان میں‌ نازل ہوئی؟ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عہنا کی شان میں نازل ہوئی ہے۔ مہربانی کر کے وضاحت فرما دیں۔ شکریہ۔

سوال پوچھنے والے کا نام: محمد طارق

  • مقام: لاہور، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 28 مارچ 2011ء

موضوع:سیرت

جواب:
امام محمود آلوسی اپنی تفسیر روح المعانی میں لکھتے ہیں۔

عن ابن عباس رضی الله عنها قال کان اکبر ولد رسول الله صلی الله عليه وآله وسلم القاسم ثم زينب ثم عبدالله ثم ام کلثوم ثم فاطمه ثم رقيه فمات القاسم عليه السلام وهو اول ميت من ولده عليه السلام بمکة ثم مات عبدالله عليه السلام فقال العاص بن وائل السهمی قد انقطع نسله فهو ابتر فانزل الله تعالیٰ ان شَانِئَكَ اوالابتر.

(روح المعانی ج : 15، جز : 30، ص : 286)

ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے سب سے بڑے صاحبزادے حضرت قاسم تھے، اس کے بعد سیدہ زینب، اسکے بعد عبداللہ، اسکے بعد ام کلثوم، اسکے بعد حضرت فاطمہ، اسکے بعد حضرت رقیہ رضی اللہ عنہم۔ جب حضرت قاسم کا وصال ہوگیا تو ملکہ شریف میں آقا علیہ الصلوۃ والسلام کے صاحبزادوں میں یہ سب سے پہلے تھے جن کا وصال ہوگیا۔ اسکے بعد حضرت عبداللہ کا وصال ہو گیا تو عاص بن وائل سہمی نے کہا کہ بس پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسل ختم ہو گی فھو ابتر پس بے نام و نشان ہو گئے۔

تو اس وقت یہ سورت نازل ہوئی اور فرمایا کہ محبوب تیرا دشمن بے نام و نشان ہو گا تمہارا دین اور رسالت اور نبوت قیامت تک قائم رہیں گے۔

محمود آلوسی فرماتے ہیں کہ جمہور کے نزدیک اس سورت کا شان نزول یہی ہے کہ عاص بن وائل اور دیگر دشمنان رسول کو جواب دینا مقصود تھا۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:صاحبزادہ بدر عالم جان

Print Date : 19 April, 2024 07:28:52 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/828/