Fatwa Online

کیا زانی اپنے بیٹے کا نکاح مزنیہ سے کر سکتا ہے؟

سوال نمبر:4696

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مسئلہ ذیل میں کہ زید کے ایک لڑکی سے ناجائز تعلقات تھے۔ کچھ دنوں کے بعد دونوں نے توبہ کرلی۔ اب زید اسی لڑکی سے اپنے بیٹے کا نکاح کرنا چاہتا ہے۔ کیا اس لڑکی سے زید کے بیٹے کا نکاح کرنا جائز ہے؟

سوال پوچھنے والے کا نام: عبد اللہ

  • مقام: جھاڑکھنڈ، ہندوستان
  • تاریخ اشاعت: 28 فروری 2018ء

موضوع:حرمت مصاہرت  |  زنا و بدکاری

جواب:

فقہائے احناف زنا سے حرمتِ مصاہرت قائم ہونے کے قائل ہیں۔ چنانچہ ان کے ہاں اصول ہے کہ:

وَأَرَادَ بِحُرْمَةِ الْمُصَاهَرَةِ الْحُرُمَاتِ الْأَرْبَعَ: حُرْمَةَ الْمَرْأَةِ عَلَی أُصُولِ الزَّانِي وَفُرُوعِهِ نَسَبًا وَرَضَاعًا وَحُرْمَةَ أُصُولِهَا وَفُرُوعِهَا عَلَی الزَّانِي نَسَبًا وَرَضَاعًا کَمَا فِي الْوَطْئِ الْحَلَالِ.

حرمت مصاہرہ سے مراد چار قسم کی حرمتیں ہیں: جس عورت سے زنا کیا گیا وہ زانی کے اصول (باپ، دادا وغیرہ) اور اس کے فرعِ نسبی ورضاعی یعنی اولاد پر حرام ہے۔ اس عورت کے اصول (ماں، نانی وغیرہ) اور اس کی اولاد نیچے تک خواہ یہ اصول نسبی ہوں یا رضاعی سب زانی مرد پر حرام ہیں، جیسے حلال وطی سے محرم ہوتے ہیں۔

  1. ابن نجیم، البحر الرائق، 3: 108، بیروت: دار المعرفة
  2. ابن عابدین، رد المحتار، 2: 32، بیروت: دار لفکر

اور ابو بکر محمد بن عبد اﷲ ابن عربی لکھتے ہیں:

وَقَدْ اخْتَلَفَ النَّاسُ فِي ذَلِکَ؛ هَلْ یَتَعَلَّقُ بِاللَّمْسِ مِنْ التَّحْرِیمِ مَا یَتَعَلَّقُ بِالْوَطْئِ عَلَی قَوْلَیْنِ؛ فَعِنْدَنَا وَعِنْدَ أَبِی حَنِیفَةَ هُوَ مِثْلُهُ.

لوگوں نے اس میں اختلاف کیا ہے؛کیا چھونے سے بھی وہی حرمت ثابت ہو جاتی ہے جو قربت سے ہوتی ہے؟ اس میں دو قول ہیں: ہمارے (مالکیہ) اور ابو حنیفہ کے نزدیک شہوت سے چھونا قربت کے برابر ہے۔

ابن عربي، أحكام القرآن، 1: 477، لبنان: دار الفكر للطباعة والنشر

مذکورہ اصول کی بنا پر احناف کے نزدیک شہوت کے ساتھ چھونے اور زنا سے سسرالی حرمتیں اسی طرح قائم ہو جاتی ہیں جیسے نکاح سے ہوتی ہیں۔ اس لیے زید کے جس لڑکی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے اس کے ساتھ زید کے بیٹے کا نکاح جائز نہیں ہے۔ زید خود اس لڑکی کو بیوی بنانا چاہے تو بنا سکتا ہے‘ لیکن بہو نہیں بنا سکتا۔ شرعی حکم کے علاوہ معاشرتی آداب بھی اس بات کی اجازت نہیں دیتے۔ بہو اور سسر کے رشتے کا اپنا تقدس ہے۔ ایسی بیہودگی کے بعد نہ تو زید بہو کو بیٹی کا مقام دے سکے گا اور نہ وہ بہو زید کو باپ کا احترام دے سکے گی۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 20 April, 2024 03:49:40 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/4696/