Fatwa Online

کیا طلاقِ صریح کے بعد طلاقِ کنایہ واقع ہوتی ہے؟

سوال نمبر:4690

ایک نوجوان جو دینی علم سے نابلد ہے اور دنیوی تعلیم میں بالکل معمولی پڑھا لکھا ہے، کی بیوی صحت کی خرابی کے باعث میکے گئی تھی۔ پھر ٹھیک ہونے کے بعد بھی سسرال آنے میں کچھ بہانے تراش کر وقت نکال رہی تھی۔ اس کے خاوند کو غصہ آیا اور اس نے اسے فون پر کہا کہ اگر تم شام تک ہمارے گھر نہیں آئی تو طلاق ہے۔ عورت کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ اسے اس کے خاوند نے کہا ’پھر جا بیٹھ اپنے ہی گھر اور سڑ جا وہیں‘۔ ان میاں بیوی کے دو بیٹے ہیں، ایک دس سال کا اور ایک چھ سال کا۔ اس سے پہلے بھی کچھ سال پہلے اس کے خاند نے اسے ایک طلاق دی تھی مگر پھر اس نے رجوع کیا تھا۔ اب وہ خاوند بہت پچھتا رہا ہے مگر ایک مقامی مولوی نے کہا ہے کہ یہ تین طلاقیں ہوئیں کیونکہ سڑنا اور جا بیٹھ اپنے ہی گھر میں الفاظ بھی طلاقوں میں شامل ہوتے ہیں۔ عرض یہ ہے کہ کیا ان کے دوبارہ اکٹھا ہونے کی کوئی گنجائش نہیں؟

سوال پوچھنے والے کا نام: احمد

  • مقام: کشمیر، ہندوستان
  • تاریخ اشاعت: 16 فروری 2018ء

موضوع:تعلیق طلاق  |  طلاق صریح  |  طلاق کنایہ

جواب:

آپ نے وضاحت نہیں کی کہ خاوند نے دوسرا جملہ ’جا بیٹھ اپنے ہی گھر اور سڑ جا وہیں‘ طلاق کو ’شام تک گھر آنے‘ سے مشروط کرنے کے کتنی دیر بعد بولا؟ شام سے پہلے بولا یا شام کے بعد؟ ہم اس کی دو ممکنہ صورتوں کا حکم بتا دیتے ہیں، جو بھی صورت فی الواقعہ ہے آپ اسی کے مطابق فیصلہ کر لیں۔

اگر خاوند نے فون پر شام تک گھر نہ آنے کو طلاق سے مشروط کیا اور پھر شام سے پہلے ہی طلاق کی نیت سے دوسرا جملہ بول دیا کہ ’جا بیٹھ اپنے ہی گھر اور سڑ جا وہیں‘ تو اس جملے سے طلاق بائن واقع ہو گئی اور نکاح فوراً ختم ہو گیا‘ بیوی کے شام تک گھر نہ آنے سے مزید طلاق واقع نہیں ہوگی کیونکہ نکاح ختم ہونے کے بعد بیوی محلِ طلاق نہیں رہی۔ یہ طلاقِ بائن اور شوہر کی ایک سال پہلے دی ہوئی طلاق آپ کے بقول جس کے بعد رجوع کر لیا گیا تھا مل کر طلاق کا حق دوبار استعمال کیا جا چکا ہے۔ فریقین اگر سمجھتے ہیں کہ آئندہ اللہ تعالیٰ کے احکام کے مطابق زندگی گزاریں گے تو دوبارہ نکاح کر کے بطور میاں بیوی اکٹھے رہ سکتے ہیں۔ اس نکاح کے بعد شوہر کے پاس طلاق کا صرف ایک حق باقی رہ جائے گا اور آئندہ ایک بھی صریح یا بائن طلاق کے بعد رجوع کی گنجائش نہیں رہے گی۔

دوسری صورت یہ ہے کہ شوہر کے طلاق مشروط کرنے کے باوجود بیوی شام تک گھر نہیں آئی تو طلاق رجعی واقع ہوگئی۔ شام کے بعد شوہر نے بولا ’جا بیٹھ اپنے ہی گھر اور سڑ جا وہیں‘ تو دوسری بار طلاق ہو گئی، سال پہلے والی کے ساتھ مل کر طلاق کے تینوں حق استعمال کیے جا چکے ہیں، اس صورت میں رجوع کی گنجائش نہیں ہے۔

اس لیے اچھی طرح تحقیق کر لیں کہ دونوں میں سے کونسی صورت پیش آئی ہے؟ اس کا حکم بتا دیا گیا ہے‘ اسی کے مطابق فیصلہ کر لیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 17 April, 2024 01:36:33 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/4690/