Fatwa Online

کیا طلاق کے بارے میں سوچنے سے طلاق واقع ہو جاتی ہے؟

سوال نمبر:4674

میری اپنی بیگم سے تلخ کلامی ہوئی۔ وہ اپنے ماں باپ کے گھر رہنے کے لئے جانا چاہ رہی تھی۔ میں نے اسے غصے سے کہا کہ شام کو میرے دفتر سے آنے سے پہلے چلی جانا اور ساتھ ہی دل میں سوچا کہ اگر یہ میرے آنے پر موجود ہوئی تو ہمارا رشتہ ختم ہوا۔ مگر بیگم سے اسکا کہا نہیں۔ میرے واپس آنے پر وہ جانے کے لئے تیار تھی مگر ابھی گئی نہیں تھی۔ کیا اسطرح ہمارا رشتہ ختم تو نہیں ہوگیا؟

سوال پوچھنے والے کا نام: صہیب شہزاد

  • مقام: لاہور
  • تاریخ اشاعت: 27 جنوری 2018ء

موضوع:طلاق

جواب:

عقل و نقل اس بات پر متفق ہیں کہ کسی شخص کا مؤاخذہ اس کے خیالات پر نہیں ہوتا‘ بلکہ اس کے عمل پر ہوتا ہے۔ یہی اصول طلاق کے بارے میں بھی ہے۔ حضرت قتادہ رضی اللہ عنہ کا قول ہے کہ اگر دل میں طلاق کا خیال آیا یا دل میں طلاق دینے کا ارادہ کیا (اور زبان سے کچھ نہ کہا) تو طلاق نہیں ہوئی۔ کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے:

إِنَّ اﷲَ تَجَاوَزَ عَنْ أُمَّتِي مَا حَدَّثَتْ بِهِ أَنْفُسَهَا مَا لَمْ تَعْمَلْ أَوْ تَتَکَلَّمْ.

اﷲتعالیٰ نے میری اُمت کے اُن خیالات کو معاف فرمادیا ہے جو دلوں میں پیدا ہوتے ہیں جب تک ان کے مطابق عمل یاکلام نہ کریں۔

بخاري، الصحیح، 5: 2020، رقم: 4968، بیروت، لبنان: دار ابن کثیر الیمامة

اس لیے محض طلاق کا خیال آنے یا دل میں ارادہ کرنے سے طلاق واقع نہیں ہوتی۔ اس طرح کے وسوسوں سے بچنا چاہیے، ایسے خیالات مقدس رشتوں کو کمزور کرتے ہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 20 April, 2024 06:53:38 PM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/4674/