Fatwa Online

کیا بینک سے قسطوں پر گاڑی خریدنا جائز ہے؟

سوال نمبر:3850

السلام علیکم مفتی صاحب! میں ایک ملازم پیشہ فرد ہوں اور اپنے لئے بینک سے قسطوں پر گاڑی خریدنا چاہتا ہوں۔ کیا قسط پر بینک سے گاڑی لینا جائز ہے؟ میرے پاس نقد اتنے پیسے نہیں کہ گاڑی لے سکوں۔ بینک مجھے ایڈوانس 20٪ ادا کر کے باقی 80٪ کی رقم کا چیک بنا کے دے گا، اور یہ 80٪ رقم مجھ سے قسطوں میں 3 یا 5 سال میں وصول کرےگا جو کہ اصل رقم سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ زیادہ ہے۔ مختلف لوگ اس بارے میں ‌مختلف رائے دے رہے ہیں‌، کوئی بولتا ہے بینک سے قسطوں‌ پہ گاڑی لینا جائز ہے اور دوسرے اسکو سُود کہتے ہیں۔ میں ‌آپ سے اس سلسلے میں‌ اسلامی رائے اور فتویٰ چاہتا ہوں۔ براہ مہربانی مدد فراہم کریں کہ بحثیت مسلم مجھے کیا کرنا چاہیے؟ جبکہ میرے پاس نا اتنے پیسے ہیں ‌اور نا کوئی دوسرا ذریعہ جو بقایا رقم میں ‌میری مدد کرے۔ والسلام

سوال پوچھنے والے کا نام: محمد عمران

  • مقام: پشاور
  • تاریخ اشاعت: 10 مارچ 2016ء

موضوع:قسطوں پر خرید و فروخت

جواب:

بینک سے قسطوں پر گاڑی خریدنا جائز ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہونا چاہیے کہ آپ بینک سے یہ طے کرلیں کہ گاڑی کی کُل قیمت کتنی ہے؟ اور یہ کتنی مدت میں ادا کرنی ہے؟ ماہانہ یا سالانہ  قسط کی صورت میں کتنی قیمت ادا کرنا ہوگی؟ اُدھار خرید و فرخت کی صورت میں شے کی اصل قیمت میں زیادتی کرنا جائز ہے، یہ سود نہیں، تاہم ادائیگی میں تاخیر پر جرمانہ عائد کرنا سود کے زمرے میں آتا ہے۔

نقد اور ادھار خرید و فروخت میں فرق کرتے ہوئے امام علاؤ الدین کاسانی فرماتے ہیں:

لامساواة بين النقد والنسيئة لان العين خير من الدين والمعجّل اکثر قيمة من الموجل.

’’نقد اور ادھار برابر نہیں، کیونکہ معین و مقرر چیز قرض سے بہتر ہے اور قیمت کی فوری ادائیگی میعادی قرض والی سے بہتر ہے‘‘۔

علاء الدين الکاساني، بدائع الصنائع، 5: 187

اُدھار بیچنے کی صورت میں اصل قیمت میں زیادتی کی وضاحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

لوشتری شيئا نسيئة لم يبعه مرابحة حتی يبيّن لان للاجل شبهة المبيع وإن لم يکن مبيعا حقيقة لانه مرغوب فيه الاتری ان الثمن قد يزاد لمکان الاجل.

’’اگر ایک چیز قرض پر خریدی، اسے فائدہ لے کر، اس وقت تک آگے نہ بیچے جب تک اس کی وضاحت نہ کر دے کیونکہ مدت، مبیع (بکاؤ مال) کے مشابہ ہے، گو حقیقت میں مبیع نہیں، اس لئے مدت کی رعایت بھی رغبت کا باعث ہوتی ہے، دیکھتے نہیں کہ مدت مقررہ کی وجہ سے کبھی قیمت بڑھ جاتی ہے‘‘۔

علاء الدين الکاساني، بدائع الصنائع، 5: 224

بیع التقسیط (قسطوں پر خرید و فروخت) کے لیے ضروری ہے کہ ایک ہی مجلس میں یہ فیصلہ کرلیا جائے کہ خریدار نقد لے گا یا اُدھار قسطوں پر، تاکہ اسی کے حساب سے قیمت مقرّر کی جائے۔ ان شرائط کے ساتھ بینک سے قسطوں پر گاڑی لینا جائز ہے۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:محمد شبیر قادری

Print Date : 19 April, 2024 03:58:04 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/3850/