Fatwa Online

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد اس دنیا میں افضل ترین شخصیات کون تھیں؟

سوال نمبر:1262

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد اس دنیا میں افضل ترین شخصیات کون تھیں؟ برائے مہربانی دلیل کے ساتھ وضاحت فرمائیں۔

سوال پوچھنے والے کا نام: عاطف

  • مقام: لاہور، پاکستان
  • تاریخ اشاعت: 13 دسمبر 2011ء

موضوع:متفرق مسائل

جواب:

ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

ان اصحابی بمنزلة النجوم فی السماء فايما اخذتم به اهتديتم واختلاف اصحابی لکم رحمة.

میرے صحابہ کی مثال یوں ہے جیسے آسمان پر ستارے ہیں، ان میں سے جس کا دامن پکڑ لو گے ہدایت پا جاؤ گے۔ اور میرے صحابہ کا اختلاف بھی تمہارے لیے رحمت ہے۔

(رواة البيهقی)

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بعد صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین افضل شخصیات ہیں۔ کیونکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

میرے اصحاب کو برا بھلا مت کہو، پس قسم ہے اس ذات کی جس کے دست قدرت میں میری جان ہے، اگر تم میں سے کوئی شخص احد پہاڑ جتنا سونا بھی خرچ کرے گا تو وہ کسی ایک صحابی کے ایک مد بلکہ نصف مد ثواب کو بھی حاصل نہیں کر سکے گا۔

(بخاری و مسلم)

امام طبرانی نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت کیا ہے، آپ فرماتی ہیں کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والتسلیم نے فرمایا :

اللہ تعالیٰ نے لعنت فرمائی ہے، اس شخص پر جو میرے صحابہ کو برا بھلا کہے۔

حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :

خوشخبری ہے اس شخص کے لیے جس نے میری زیارت کی اور اس کے لیے بھی جس نے اس شخص کی زیارت کی جس نے میری زیارت کی (یعنی صحابی کو دیکھا)۔

اسی طرح بہت ساری احادیث مذکور ہیں جن سے ظاہر ہو رہا ہے کہ حضور علیہ السلام کے بعد سب سے زیادہ افضل صحابہ کرام ہیں۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی:حافظ محمد اشتیاق الازہری

Print Date : 19 April, 2024 10:02:56 AM

Taken From : https://www.thefatwa.com/urdu/questionID/1262/